دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...
مضمون نگار
موضوعات
کل مضامین
بولتے مضامین

افضل و خلیفۂ اول اور اشعار امام اہل سنت

افضل و خلیفۂ اول اور اشعار امام اہل سنت
عنوان: افضل و خلیفۂ اول اور اشعار امام اہل سنت
تحریر: محمد شفیع احمد عطاری رضوی

سیدی سرکار اعلیٰ حضرت علیہ الرحمۃ کا ہم سنیوں پر احسان عظیم اور کرم بالائے کرم یہ بھی ہے کہ امام اہل سنت امام احمد رضا خان بریلوی رحمۃ اللہ علیہ نے جہاں اہل سنت و جماعت کے اجماعی مسئلہ صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا افضل الخلق بعد الرسل ہونا اور خلیفہ اول بلا فصل ہونے کو اپنے کتب و رسائل میں دلائل باہرہ و حجج قاہرہ سے روشن و مجلی اور مخالفین کی توہمات باطلہ و اوہام عاطلہ کی بیخ کنی کی ہے وہیں آپ علیہ الرحمۃ نے اشعار میں بھی اس مسئلہ اجماعی کی صراحت و وضاحت اور باطل کو دندان شکن جواب دے کر ان کے سینے پر لازوال اور لا علاج وار کیا ہے۔

کلک رضا ہے خنجر خونخوار برق بار
اعدا سے کہہ دو خیر منائیں نہ شر کریں
وہ رضا کے نیزہ کی مار ہے کہ عدو کے سینہ میں غار ہے
کسے چارہ جوئی کا وار ہے کہ یہ وار وار سے پار ہے

نیز آپ علیہ الرحمۃ نے ان چار ارکان قصر ملت اسلامیہ و چار انہار باغ شریعت کے فضائل و خصائل اور خلافت و امامت کو اپنے اشعار میں اہل سنت و جماعت کی ترتیب پر ہی بیان کیا ہے جس سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو کر سامنے آتی ہے کہ: مسلمانوں کے پہلے خلیفہ حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ہیں۔ اب چوں کہ فقیر راقم الحروف کا موضوع فقط افضلیت ابوبکر صدیق و خلیفہ اول بلا فصل ہونے کو بطور اشعار بیان کرنا ہے اسی لیے صرف صحابی رسول، صاحب صدق و صفا، یار غار و یار مزار حضرت ابوبکر صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے فضائل و خصائل اور خلافت و امامت کو ہی بطور اشعار یہاں نوک قلم کیا جائے گا۔

سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ اور رخ اشعار کی چند جھلکیاں

خاص اس سابق سیر قرب خدا
اوحد کاملیت پہ لاکھوں سلام
سایۂ مصطفیٰ مایۂ اصطفیٰ
عز و ناز خلافت پہ لاکھوں سلام
یعنی اس افضل الخلق بعد الرسل
ثانی اثنین ہجرت پہ لاکھوں سلام
اصدق الصادقین سید المتقین
چشم و گوش وزارت پہ لاکھوں سلام

نیز مزید ایک جگہ آپ علیہ الرحمۃ ارشاد فرماتے ہیں:

مولیٰ گلبن، رحمت زہرا، سبطین اس کی کلیاں پھول
صدیق و فاروق و عثماں، حیدر ہر اک اس کی شاخ
صدق و عدل و کرم و ہمت میں
چار سو شہرے ہیں ان چاروں کے

افضل الصحابہ ہونے کو یوں بیان فرماتے ہیں:

فرماتے ہیں یہ دونوں ہیں سردار دو جہاں
اے مرتضیٰ! عتیق و عمر کو خبر نہ ہو

کیا شان ہے میرے امام کی کہ سمندر اور بحر زخار کو جیسے کوزے میں بند کر دیا ہو۔ ویسے بھی اس امر کا اندازہ اظہر طریقے پر آپ کی بے مثل اور بے مثال تحریروں سے روز روشن سے زیادہ عیاں ہے۔

ضمناً امام اہل سنت علیہ الرحمۃ کی اس عبارت کو بھی نوک قلم کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہوں جس میں آپ علیہ نے صاف و شفاف اور واضح و متبین طریقے پر فرما دیا ہے کہ افضل الصحابہ بعد از انبیا و رسل حضرت صدیق ہیں۔ آپ علیہ الرحمۃ رقم طراز ہیں: ”اہل سنت و جماعت نصرهم الله تعالى کا اجماع ہے کہ مرسلین ملائکہ و رسل و انبیائے بشر صلوات الله تعالى وتسليماته عليهم کے بعد حضرات خلفائے اربعہ رضوان الله تعالى عليهم تمام مخلوق الہٰی سے افضل ہیں۔ پھر ان میں باہم ترتیب یوں ہے کہ سب سے افضل صدیق اکبر، پھر فاروق اعظم، پھر عثمان غنی، پھر مولیٰ علی عليه سيدهم ومولاهم وآله وعليهم وبارك وسلم، اس مذہب مہذب پر آیات قرآن عظیم و احادیث کثیرہ حضور پرنور نبی کریم عليه وعلى آله وصحبه الصلوة والتسليم و ارشادات جلیہ واضحہ امیر المومنین مولیٰ علی مرتضیٰ و دیگر ائمہ اہل بیت طہارت و ارتضا و اجماع صحابہ کرام و تابعین عظام و تصریحات اولیائے امت و علمائے امت رضي الله تعالى عنهم اجمعين سے وہ دلائل باہرہ و حجج قاہرہ ہیں جن کا استیعاب نہیں ہو سکتا۔“ [فتاویٰ رضویہ، ج: 27، ص: 478]

بالآخر

یہ بات ثابت و متحقق اور واضح و متبین و اظہر من الشمس ہو جاتی ہے کہ خلیفہ اول بھی صدیق اکبر ہیں اور افضل البشر بعد از انبیا و رسل بھی صدیق اکبر ہی ہیں۔ مداح خیر الانام مولانا حسن رضا خان علیہ الرحمۃ کیا خوب فرماتے ہیں:

رسل اور انبیا کے بعد جو افضل ہو عالم سے
یہ عالم میں ہے کس کا مرتبہ صدیق اکبر کا

مزید تفصیل کے لیے امام اہل سنت کی ان کتب و رسائل کا مطالعہ قارئین کرام کے لیے مفید و کارگر اور سود مند و فائدہ مند ثابت ہوگا:

  • مطلع القمرین
  • الزلال الأنقیٰ
  • غایۃ التحقیق

اللہ تعالیٰ ہمیں مسلک اعلیٰ حضرت پر ثابت قدمی نصیب فرمائے۔ آمین یا رب العالمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ والہ وسلم۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!