دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...
مضمون نگار
موضوعات
کل مضامین
بولتے مضامین

ایک نورانی و روحانی محفل

ایک نورانی و روحانی محفل
عنوان: ایک نورانی و روحانی محفل
تحریر: مولانا عکاس علی نعیمی
پیش کش: مرکزی جامعۃ المدینہ فیضان مخدوم لاھوری، موڈاسا، گجرات

الحمدللہ بڑی مسرت و شادمانی کی بات ہے کہ اس سال 2026 میں دنیا بھر کے جامعات المدینہ سے درس نظامی کی تکمیل کرنے والوں کی تعداد تقریباً 5500 ہے ان جامعات المدینہ میں ایک نام ہمارے جامعۃ المدینہ فیضان مخدوم لاہوری موڈاسا گجرات انڈیا کا بھی شامل ہے یہاں کے فارغین کی تعداد 26 ہیں درسی سال کے اختتام پر حسب سابق ختم بخاری شریف کا پروگرام امیر اہل سنت بانی دعوت اسلامی ابو بلال حضرت علامہ مولانا الیاس عطار قادری رضوی دامت برکاتہم العالیہ نے انجام دیا جزاهم الله تعالى خيرا في الدارين اسی مناسبت سے جامعۃ المدینہ موڈاسا میں پہلے ایک نورانی محفل پوری بخاری شریف کی قرات کے سلسلے میں منعقد کی گئی جس میں حضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کا موئے مبارک صدر محفل میں جلوہ افروز رہ کر محفل کی روحانیت میں اضافہ فرما رہا تھا

محفل کیا تھی واقعی ماحول از اول تا آخر کیف آور بنا رہا شاید ایسی ہی محفلوں کے بارے میں حدیث میں آیا ہے کہ ان میں فرشتے بھی حاضری دیا کرتے ہیں اور اپنے پروں سے ڈھانپ لیا کرتے ہیں پھر جب وہ فرشتے واپس ہو کر بارگاہ خداوندی میں ان کا تذکرہ کرتے ہیں تو اللہ پاک ان محفل والوں کی مغفرت کا وعدہ فرما لیتا ہے اگرچہ احقر کو جامعہ نعیمیہ میں پوری بخاری شریف درسا ختم کرنے کی سعادت حاصل ہے لیکن ایسی محفل جس میں بہت سارے افراد مل کر پوری بخاری شریف کی ایک ساتھ قرأت کریں احقر کو اس سے پہلے کبھی بھی اس میں شرکت کا شرف حاصل نہیں ہوا تھا اسی لیے شاید کچھ زیادہ ہی لطف آرہا تھا

سب سے پہلے سارے لوگوں کو درود پاک کے دلنواز نغموں کی گونج کے ساتھ بڑے سلیقے اور اچھی ترتیب سے بٹھایا گیا اس کے بعد استاد محترم حضرت مفتی سرفراز صاحب قبلہ نے اللہ پاک کی حمد و ثنا اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مخدوم لاہوری اور بانی دعوت اسلامی کا شکر ادا کرتے ہوئے اہل موڈاسا کو مبارکبادی پیش کی کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ موڈاسا میں قرآن پاک کے بعد پورے روئے زمین میں سب سے معتبر ترین کتاب بخاری شریف کا حقیقی ختم ہو رہا ہے۔ ختم بخاری شریف کے فضائل و کمالات پر بھی آپ نے روشنی ڈالی پھر دعوت اسلامی کے لیے اس دعا کے ساتھ محفل کا آغاز فرمایا

اللہ کرم ایسا کرے تجھ پہ جہاں میں
اے دعوت اسلامی تیری دھوم مچی ہو

حضرت مفتی صاحب قبلہ نے جامعۃ المدینہ موڈاسا کی خصوصیات اور خوبیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ایک خصوصیت یہ بھی بیان فرمائی کہ الحمدللہ رب العالمین اس جامعۃ المدینہ میں روزانہ بعد نماز فجر ختم کلام پاک کا اہتمام کیا جاتا ہے لہذا آج کی اس بابرکت محفل میں سب سے پہلے ایک ختم قران پاک پڑھا جائے گا اس کے بعد ختم بخاری شریف کا دور شروع ہوگا تو پہلے آہستہ آواز کے ساتھ ایک ختم قرآن پاک پڑھا گیا جس سے ماحول ایمان افروز خاموشی کا نظارہ پیش کرنے لگا اسی ایمان افروز ماحول میں بخاری شریف کی قرأت شروع ہوئی ہر ایک نے اپنے حصے کا جز پڑھنا شروع کیا دوران قرأت نبی پاک صاحب لولاک صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے موئے مبارک کی تشریف آوری ہوئی تو پھر سارے لوگ تعظیما کھڑے ہو گئے اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں صلاۃ و سلام کا تحفہ پیش کرنے لگے یہ تحفہ اس وقت تک پیش کیا جاتا رہا جب تک موئے مبارک کو صدر مجلس میں پورے ادب و احترام کے ساتھ بڑے قرینے سے رکھ نہیں دیا گیا

قارئین! ہم نہ صرف موئے مبارک بلکہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب ہر چیز کی حد درجہ تعظیم و تکریم کی کوشش کرتے ہیں ہمیں یہ سنت ان صحابہ کرام سے ملی ہے جن کو ایمان کی کسوٹی اور ان کے طریقے پر چلنے کو جنتی فرقہ کی علامت قرار دیا گیا ہے صحابہ کرام کے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے موئے مبارک کی تعظیم اور والہانہ محبت کے بے شمار واقعات تاریخ کے صفحات پر ثبت ہیں سر دست صرف ایک واقعہ ملاحظہ فرمائیے

عظیم صحابئ رسول حضرت خالد بن ولید رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں : حَجَّۃُ الْوَدَاع کے موقع پر حضور نبی کریم ، رَ ء ُوفٌ رَّحیم صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے حلق کروایا تو مَیں نے آپ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے مبارک بالوں میں سے چند بال اپنے پاس رکھ لئے۔ سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے مجھ سے فرمایا : اےخالد ! تم ان بالوں کا کیا کرو گے؟ میں نے عرض کی : یارسولَ اللہ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ! مَیں ان مُوئے مبارک کو بطور تبرک اپنے پاس رکھوں گا اور کافِروں کے ساتھ جہاد میں ان سے مدد حاصِل کروں گا۔ یہ سُن کر رسولِ اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وعلی الہ وبارک وسلم نے فرمایا : جب تک یہ بال تمہارے پاس رہیں گے ، ان کی برکت سے تم ہمیشہ غالِب رہو گے ( فتوح الشام ، جلد : 1 ، صفحہ : 208)

ادب و احترام سے متعلق ان واقعات کو اگر کوئی بھلا دے تو بھلا دے لیکن ہم سنی انشاءاللہ ہمیشہ صحابہ کرام کی ان اداؤں کو ادا کرتے رہیں گے ساتھ ہی جو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب چیزوں کی تعظیم و عزت کے منکر ہیں ان سے قیامت تک ہمارا اعلان جنگ رہے گا

شرک ٹھہرے جس میں تعظیم حبیب
اس برے مذہب پہ لعنت کیجئے

غرض جب ان موہائے مبارک کو سجا کر رکھ دیا گیا تو حضرت مفتی سرفراز صاحب قبلہ نے سبھوں کو بٹھاتے ہوئے فرمایا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہماری یہ محفل نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ بے کس پناہ میں مقبول ہو گئی ہے اور حضور کی رحمتیں ہماری طرف متوجہ ہو گئی ہیں اور اطمینان دلانے کی خاطر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا ایک جز ہمارے درمیان ظاہر بھی فرما دیا ہے (او کما قال) اب آپ حضرات بخاری شریف کا اپنا اپنا بقیہ حصہ مکمل کر لیں

جب بخاری شریف کی قرأت مکمل ہو گئی تو بڑے پرسوز انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں ایک نعت شریف پڑھی گئی پھر بڑے ہی درد بھرے لب و لہجے میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں استغاثہ پیش کیا گیا اس کے بعد حضرت مفتی صاحب قبلہ نے پوری عاجزی و انکساری کی تصویر بن کر بڑی رقت انگیز دعا فرمائی جس میں آپ نے رکن ہند مشاورت جناب رضوان صاحب سمیت کل مومنین و مومنات کے لیے مغفرت کی طلبگاری کرتے ہوئے دعا کے لیے کہنے والوں اور جامعۃ المدینہ موڈاسا کی ترقی میں حصہ ملانے والوں کے لیے خصوصی دعا فرمائی

محفل کے آخر میں موئے مبارک کی زیارت بھی کرائی گئی تقریبا سبھوں نے باادب زیارت کی سعادت حاصل کرنے کی کوشش کی جب تک زیارت ہوتی رہی درود و سلام اور نعت پاک کے نغمے گائے جاتے رہے

محفل کا اختتام حضرت مفتی سرفراز صاحب کے اس اعلان پر ہوا کہ بخاری شریف کی آخری حدیث کا سبق توضیح و تشریح کے ساتھ امیر اہل سنت بانی دعوت اسلامی حضرت علامہ مولانا ابو بلال الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ آج مدنی مذاکرہ میں پڑھائیں گے آپ سب سے شرکت کی گزارش ہے

یوں تو اس محفل کا رنگ شروع سے آخر تک ہی بڑا کیف آور بنا رہا لیکن بطور خاص نعت و استغاثہ اور دعا کے وقت سوز و گداز اور گریہ و زاری کا جو منظر تھا وہ بیان سے باہر ہے یہاں یہ بتانا بھی دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ اگرچہ ہمارے جامعہ میں ختم بخاری شریف کے سلسلے میں یہ پہلی محفل تھی لیکن الحمدللہ علی کل حال شیخ الحدیث حضرت مفتی وسیم اکرم رضوی اور مفتی سرفراز عطاری صاحبان اس طرح کی سوز و گداز بھری محفلین پورا سال ہی منعقد کرتے رہتے ہیں آئے دن کبھی محفل مدینہ کے نام سے کبھی تصور شیخ کے نام سے تو کبھی کسی دوسرے عنوان سے محافل قائم ہوتے رہتے ہیں جن میں گھنٹوں تک پوری یکسوئی کے ساتھ مکہ شریف مدینہ منورہ اللہ تعالی و تبارک و عزوجل اور رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی یادوں میں کھوئے رہنے کا عمل جاری رہتا ہے یقیناً ان محفلوں کو روحانی تربیتی محافل کے نام سے موسوم کیا جا سکتا ہے اللہ تعالیٰ احقر کو دیر تک ان محفلوں میں شریک ہوتے رہنے کے مواقع میسر کرے اور ایسے نیکیوں والے مدنی ماحول سے وابستہ رہنے کی توفیق مرحمت فرمائے آمین ثم آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم

گزرتے لمحوں کے ساتھ وہ ساعت سعید بھی آگئی جب مدنی مذاکرہ کے درمیان کروڑوں سنیوں کے دلوں کی دھڑکن بانی دعوت اسلامی امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا ابو بلال الیاس عطار قادری دامت برکاتہ العالیہ نے ختم بخاری شریف کی رسم ادا کرتے ہوئے اس کی آخری حدیث کی مدلل تشریح و توضیح فرمائی اور فارغین کو بالخصوص جس کا کھانا اسی کا گانا پر عمل کرنے کی وصیت کرتے ہوئے درس مکمل فرمایا اور اس کا مطلب بھی آپ نے خود ہی بیان فرمایا کہ یعنی آپ جہاں کہیں رہیں دینی کاموں کی دھومیں مچاتے رہیں سبحان اللہ یہ ہے آپ کی بے ریا بزرگی کا بین ثبوت کہ آپ نے سب فارغین کو صرف اپنے اپنے ادارہ کو یا دعوت اسلامی کو یاد رکھنے اور اسی کا گن گانے کے لیے نہیں فرمایا بلکہ دینی کام کرنے کو دعوت اسلامی کا گن گانا قرار دیا یہی ہمارے بزرگانِ دین کی عادت مبارکہ تھی کہ ان کے پیش نظر اولین مقصد دین و سنیت کی سربلندی ہی تھا

غبار راہ سے کہدو سنبھالے نشان قدم
زمانہ ڈھونڈے گا ان کو رہبری کے لیے

آپ نے دوران درس امام ربانی مجدد الف ثانی اور امام شافعی رضی اللہ تعالی عنہما کے حوالے سے جو اہم باتیں بیان فرمائیں وہ ذیل میں ملاحظہ فرمائیں

  • حضرت امامِ ربانی مجدد الف ثانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ارشاد فرماتے ہیں، ان کلمات سُبْحَانَ اللهِ وَبِحَمْدِهِ سُبْحَانَ اللهِ الْعَظِيمِ ان کے زبان پر ہلکے ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ان کے حروف کم ہیں۔ اور ان کلمات کے میزان پر وزن دار ہونے، اور اللہ پاک کے پیارے ہونے کی وجہ یہ ہے کہ پہلے کلمے کا پہلا حصہ سبحان اللہ اس بات کو ظاہر کرتا ہےکہ اللہ پاک ان تمام باتوں سے بری ہے، جو اس کی پاک بار گاہ کے لائق نہیں، تسبیح یعنی سبحان اللہ پڑھنا گناہوں کو مٹانے، اور برائیوں کے معاف ہونے کا وسیلہ ہے۔ امید ہے کہ اللہ پاک سبحان اللہ کہنے والے یا وہ ورد جس میں اللہ پاک کی پاکی بیان کی گئی ہو، اس کے پڑھنے والے کو ان تمام باتوں سے پاک کرے گا جو اس پڑھنے والے کے لائق نہیں، اور اللہ پاک اپنی تعریف کرنے والے کے اندر صفات کمال ظاہر کرے گا، ان کلمات کو بار بار پڑھنے کے سبب گناہ دور ہوتے اور انکے ذریعے اچھے اخلاق حاصل ہوتے ہیں۔ (حوالہ: مکتوبات امام ربانی اردو،جلد:1،صفحہ نمبر:754،ملخصا)
  • حضرت سیدنا امام شافعی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا اللہ پاک کی پاکی بیان کرتے رہنے سے وباؤں سے حفاظت ہوتی ہے۔

آخر میں ختم بخاری شریف کی وہ فضیلتیں ہدیۂ قارئین کرتے ہوئے میں اپنی بات ختم کر رہا ہوں جن کو حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ نے اپنی کتاب اشعۃ اللمعات میں بیان کیا ہے تاکہ اگر ہو سکے تو آپ بھی اس طرح کی محفلیں ضرور قائم کریں چنانچہ فرماتے ہیں: بہت سے مشائخ اور ثقہ علماء کرام مرادوں کے حصول ، مہمات میں کفایت، حاجات کے پورا ہونے ، مصائب کے دور کرنے تکالیف سے نجات پانے، بیماروں کی صحت و شفا اور شدائد و پریشانیوں کے وقت بخاری شریف کے پڑھنے کا عمل کرتے آئے ہیں۔ اور اس عمل کے ذریعے اپنی مرادیں پاتے اور مقاصد میں کامیاب ہوتے رہے ہیں۔ اور اس عمل کو انہوں نے تریاق مجرب کی طرح قرار دیا ہے۔ اور علمائے حدیث کے ہاں یہ عمل و وظیفہ نہایت ہی شہرت یافتہ ہے۔ چنا نچہ میر جمال الدین محدث رحمۃ اللہ علیہ اپنے استاد سید اصیل الدین رحمۃ اللہ علیہ سے نقل کرتے ہیں کہ انہوں نے فرمایا میں نے اپنی اور لوگوں کی مشکلات اور مسائل و پریشانیوں کی خاطر کم و بیش ایک سو بیس مرتبہ صحیح بخاری پڑھنے کا عمل کیا ہے جس مقصد اور جس نیت کے تحت ایسا کیا اس میں کامیابی اور کامرانی نصیب ہوئی۔ اور علما امت کے درمیان یہ حقیقت اس حد تک شہرت یافتہ ہے کہ بے دھڑک یہ کہا جاتا رہا ہے کہ صحیح بخاری کی تلاوت کسی مشکل کے لیے نہیں کی گئی مگراس سے نجات مل گئی۔ اور وہ مشکل حل ہو گئی۔ نیز جس کشتی اور گھر میں کتاب صحیح بخاری ہو گی خدا تعالیٰ اسے ڈوبنے اور جلنے وغیرہ سے محفوظ رکھے گا۔ اور معتمد علماء نزدیک یہ بات بھی پایۂ ثبوت کو پہنچ چکی ہے۔ کہ حضرت امام بخاری رحمۃ اللہ علیه مستجاب الدعوات تھے۔ اور آپ نے صحیح بخاری پڑھنے والے کے حق میں دعائے خیر فرمائی ہے ( اشعة اللمعات مترجم اردو جلد اول صفحہ 145 )

اللٰہ پاک ہمیں بخاری شریف پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اس کے فیوض و برکات سے مالا مال فرمائے اور ہمارے اگلے پچھلے تمام گناہوں خطاؤں اور لغزشوں کو معاف فرمائے امیر اہل سنت کے علم و عمل میں بے شمار برکتیں عطا فرمائے ان کا سایہ ہمارے سروں پر تادیر قائم رکھے آمین ثم آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!