کیا آپ کا مضمون ابھی تک شائع نہیں ہوا؟ نیچے واٹس ایپ بٹن سے میسج کرکے اطلاع فرمائیں!
دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...
مضمون نگار
موضوعات
کل مضامین
بولتے مضامین

رمضان المبارک اللہ عزوجل کی نعمت ہے

رمضان المبارک اللہ عزوجل کی نعمت ہے
عنوان: رمضان المبارک اللہ عزوجل کی نعمت ہے
تحریر: یوسف رضا بن قاسم عطاری
پیش کش: ماڈل جامعۃ المدینہ، ناگ پور، دعوت اسلامی

اللہ عزوجل کے انسانوں پر بے شمار انعامات ہیں۔ انسان کو افضل المخلوقات بنایا، ان کی رہنمائی کے لیے مختلف اوقات میں مختلف انبیائے کرام علیہم السلام کو مبعوث فرمایا، اچھے کاموں کی جزا کے لیے جنت بنائی جس کے نیچے نہریں جاری ہیں، اور اُس میں ایسی نعمتیں رکھیں جو کبھی کسی آنکھ نے نہ دیکھیں۔ الغرض اللہ تعالیٰ کی بہت سی نعمتیں ہیں۔ اللہ عزوجل خود قرآنِ مجید فرقانِ حمید میں فرماتا ہے:

وَاِنْ تَعُدُّوْا نِعْمَتَ اللّٰهِ لَا تُحْصُوْهَا ؕ

ترجمہ کنز الایمان: ”اور اگر اللہ کی نعمتیں گنو تو شمار نہ کر سکو گے۔“ [سورۂ ابراھیم: 34]

رمضان ایک نعمتِ اِلٰہی ہے

اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کے بارے میں ہم نے پڑھا کہ اس کی نعمتوں کو ہم شمار نہیں کر سکتے۔ انہی نعمتوں میں سے رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے کہ اس ماہِ مُبارک کے آنے سے ہی لوگوں کا دل عبادت، تلاوت، اور اللہ تعالیٰ کی طرف مائل ہو جاتا ہے۔ سارے مہینوں میں سے صرف رمضان المبارک کا ذکر قرآنِ مجید میں نام کے ساتھ آیا ہے:

شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِیْۤ اُنْزِلَ فِیْهِ الْقُرْاٰنُ هُدًى لِّلنَّاسِ وَ بَیِّنٰتٍ مِّنَ الْهُدٰى وَ الْفُرْقَانِۚ فَمَنْ شَهِدَ مِنْكُمُ الشَّهْرَ فَلْیَصُمْهُؕ

ترجمہ کنز الایمان: ”رمضان کا مہینہ جس میں قرآن اترا لوگوں کے لیے ہدایت اور رہنمائی اور فیصلہ کی روشن باتیں، تو تم میں جو کوئی یہ مہینہ پائے ضرور اس کے روزے رکھے۔“ [سورۂ البقرۃ: 185]

ہلالِ ماہِ رمضان

ماہِ رمضان المبارک کا چاند دیکھنا "واجبِ کفایہ" ہے۔ واجبِ کفایہ کا مطلب یہ ہے کہ اگر شہر سے چند لوگوں نے اس مہینے کا چاند دیکھ لیا تو سب کی طرف سے واجب ادا ہو گیا، اور اگر کسی نے بھی نہ دیکھا تو سب تارکِ واجب کی وجہ سے گناہ گار ہوں گے (یعنی واجب کو چھوڑنے کی وجہ سے گنہگار ہوں گے)۔ لہٰذا رمضان المبارک کے چاند کو دیکھنے کا ہمیں اہتمام کرنا چاہیے۔

قمری (یعنی اسلامی) مہینے کی پہلی، دوسری اور تیسری رات کے چاند کو "ہلال" کہتے ہیں۔ اس کے بعد کی راتوں کے چاند کو "قمر" کہتے ہیں۔

یاد رکھیے کہ درج ذیل پانچ مہینوں کا چاند دیکھنا "واجبِ کفایہ" ہے:

  1. شعبان المعظم
  2. رمضان المبارک
  3. شوال المکرم
  4. ذی القعدۃ الحرام
  5. ذی الحجۃ الحرام

(فتاویٰ رضویہ شریف، ج: 10، ص: 449، 451)

آج عطارؔ خوب ہے شاداں
ہاں زمانے میں آ گیا رمضاں
واہ! کیا بات ماہِ رمضاں کی

عاشقِ ماہِ رمضان

عاشقِ ماہِ رمضان، امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ عاشقانِ رسول کے ساتھ شعبان المعظم کی 29 تاریخ کو "ہلالِ ماہِ رمضان" کی زیارت کا اہتمام فرماتے ہیں۔ جیسے ہی ہلالِ ماہِ رمضان المبارک نظر آتا ہے، امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ کے خوشی سے آنسو جاری ہو جاتے ہیں۔ حدیثِ پاک میں موجود نئے مہینے کے چاند کو دیکھنے کی دعا پڑھ یا پڑھا کر رو رو کر دعائیں مانگتے ہیں۔

حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم جب ہلال کی طرف نظرِ رحمت فرماتے (دیکھتے) تو یہ دُعا پڑھتے:

اَللّٰهُمَّ أَهِلَّهٗ عَلَيْنَا بِالْأَمْنِ وَالْإِيْمَانِ، وَالسَّلَامَةِ وَالْإِسْلَامِ، رَبِّيْ وَرَبُّكَ اللّٰهُ

جنت کے تین حروف کی نسبت سے امیرِ اہلِ سنت کے تین ارشادات

  1. رمضان الکریم میں نوٹ کمانے کے بجائے "نیکیاں" کمانے پر توجہ دینی چاہیے۔
  2. رمضان المبارک میں سستا مال بیچ کر نیکیاں کمائیے کہ رمضان المبارک مال کمانے کا نہیں بلکہ نیکیاں کمانے کا مہینہ ہے۔
  3. رمضان المبارک نیکیاں کرنے والوں اور جنت میں جانے والوں کا سیزن (Season) ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں سے مالا مال فرمائے، ہمیں خوب عبادت اور تلاوت کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور تمام اساتذۂ کرام پر رحمت نازل فرمائے۔ خاص طور پر میرے استاذِ محترم مفتی حُسین اشرفی مدنی صاحب دامت برکاتہم العالیہ پر جنہوں نے مضمون لکھنا سکھایا اور لکھنے کا ذہن دیا۔ آمین یا رب العالمین۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِيْب! صَلَّی اللّٰهُ عَلٰی مُحَمَّد!

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!