| عنوان: | فروغِ دین و سنیت کے لیے دس نکاتی نقوش |
|---|---|
| تحریر: | محمد شفیع احمد عطاری رضوی |
| پیش کش: | جامعۃ المدینہ فیضان عطار نیپال گنج |
وہ رضا کہ جن کی سوچ و فکر میں ہمہ وقت اشاعت دین کا جذبہ موجزن رہتا تھا، جی ہاں! وہی اعلیٰ حضرت عليه الرحمة کہ جن کے سینوں میں بحر بیکراں سے بھی تیز رفتار میں فروغ سنیت کا عظیم ولولہ موجیں مارتا تھا۔ آپ عليه الرحمة نے اشاعت دین اور فروغ سنیت کے لیے دس نکاتی پروگرام ارشاد فرمایا۔ ان دسوں نکات پر عمل نہ صرف اہل سنت کی ترقی کا ذریعہ ہے بلکہ دنیائے رنگ و بو سے اغیار کی صفائی کا سبب بھی ہے۔
دس اہم و ضروری نکاتی نقوش
اب آئیے! ذیل میں دس نکاتی نقوش صفحۂ قرطاس پر منتقل کیے جاتے ہیں:
- مدارس اہل سنت کھولے جائیں: عظیم الشان مدارس کھولے جائیں باقاعدہ تعلیمیں ہوں۔
- طلبہ کو وظائف بھی دیے جائیں: طلبہ کو وظائف ملیں کہ خواہی نخواہی گرویدہ ہوں۔
- مدرسوں کو بیش قیمت تنخواہیں: مدرسوں کی بیش قرار تنخواہیں ان کی کارروائیوں پر دی جائیں کہ لالچ سے جان توڑ کر کوشش کریں۔
- طبائع طلبہ کی جانچ ہو: طبائع طلبہ کی جانچ ہو جو جس کام کے زیادہ مناسب دیکھا جائے معقول وظیفہ دے کر اس میں لگایا جائے۔ یوں ان میں کچھ مدرسین بنائے جائیں، کچھ واعظین کچھ مصنفین، کچھ مناظرین، پھر تصنیف و مناظرہ میں بھی توزیع ہو، کوئی کسی فن پر کوئی کسی پر۔
- فارغ التحصیل طلبہ کو ملک میں پھیلائیں: ان میں جو تیار ہوتے جائیں تنخواہیں دے کر ملک میں پھیلائے جائیں کہ تحریراً و تقریراً، وعظاً و مناظرةً اشاعت دین و مذہب کریں۔
- مفید کتب و رسائل تصنیف کیے جائیں: حمایتِ مذہب و ردِّ بد مذہباں میں مفید کتب و رسائل مصنفوں کو نذرانے دے کر تصنیف کرائے جائیں۔
- تصنیف شدہ رسائل عمدہ و خوش خط چھاپ کر شائع کیے جائیں: تصنیف شدہ اور نو تصنیف رسائل عمدہ اور خوش خط چھاپ کر ملک میں مفت شائع کیے جائیں۔
- شہر شہر اہل سنت کا سفیر ہو: شہروں شہروں آپ کے سفیر نگران رہیں جہاں جس قسم کے واعظ یا مناظر یا تصنیف کی حاجت ہو آپ کو اطلاع دیں۔ آپ سرکوبیِ اعداء کے لیے اپنی فوجیں میگزین رسالے بھیجتے رہیں۔
- جس کام میں مہارت ہو لگائے جائیں: جو ہم میں قابل کار، موجود اور اپنی معاش میں مشغول ہیں وظائف مقرر کرکے فارغ البال بنائے جائیں اور جس کام میں انہیں مہارت ہو لگائے جائیں۔
- اہل سنت کے مذہبی اخبار شائع ہوں: آپ کے مذہبی اخبار شائع ہوں اور وقتاً فوقتاً ہر قسم کے حمایت مذہب میں مضامین تمام ملک میں بقیمت و بلا قیمت روزانہ یا کم از کم ہفتہ وار پہنچاتے رہیں۔
نیز امام اہل سنت عليه الرحمة فرماتے ہیں
میرے خیال میں تو یہ تدابیر ہیں، آپ اور جو کچھ بہتر سمجھیں افادہ فرمائیں، بلکہ مولانا! روپیہ ہونے کی صورت میں اپنی قوت پھیلانے کے علاوہ گمراہوں کی طاقتیں توڑنا بھی إن شاء الله العزيز آسان ہوگا۔ میں دیکھ رہا ہوں کہ گمراہیوں کے بہت سے افراد صرف تنخواہوں کے لالچ سے زہر اگلتے پھرتے ہیں۔ ان میں جسے دس کی جگہ بارہ دیجئے اب آپ کی سی کہے گا، یا کم از کم بہ لقمہ دوختہ دہن تو ہوگا۔ دیکھیے حدیث کا ارشاد کیسا صادق ہے کہ: ”آخر زمانہ میں دین کا کام بھی درہم و دینار سے چلے گا۔“ اور کیوں نہ صادق ہو کہ صادق و مصدوق صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کا کلام ہے، عالم ما كان وما يكون صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی خبر ہے۔ [فتاوی رضویہ، ج: 29]
اے علمائے اہل سنت و عوام اہل سنت!
آج بھی اگر ہم سب مل کر ذکر کردہ دس نکاتی نقوش پر عمل پیرا ہونے کی سعیِ پیہم کریں تو وہ دن بعید نہیں کہ پوری دنیا میں ”اہل سنت و جماعت“ اور ”مسلک اعلیٰ حضرت زندہ باد“ کے نعروں سے دنیائے اسلام کے در و دیوار گونج اٹھیں۔
الغرض، یہ سب کرنے سے ہی ہوگا فقط کہنے یا سوچنے سے نہیں۔
