حضورِ اکرم ﷺ بحیثیتِ تاجر

حضورِ اکرم ﷺ بحیثیتِ تاجر
عنوان: حضورِ اکرم ﷺ بحیثیتِ تاجر
تحریر: ام عروج فاطمہ بنت اکرام رضوی
پیش کش: عالمہ ام الورع ایوبی
منجانب: ندائے قلم ایوبیہ اکیڈمی للبنات

تجارت انسانی تمدن کی بنیاد اور معاشی نظام کی روح ہے۔ جس کے بغیر اجتماعی زندگی کا تسلسل ممکن نہیں۔ بیشتر معاشی سرگرمیاں اسی کے ذریعے انجام پاتی ہیں۔ اسلام نے خرید و فروخت کو نہ صرف جائز قرار دیا بلکہ اسے دیانت، صداقت اور حسنِ معاملہ کے ساتھ انجام دینے کی تلقین فرمائی تاکہ معاشرے میں اعتماد، محبت اور انصاف کی فضا قائم ہو سکے۔

لیکن عصرِ حاضر میں کاروبار کا میدان بددیانتی، دھوکہ دہی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری جیسے اخلاقی امراض کی لپیٹ میں دکھائی دیتا ہے۔ ایسے حالات میں حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تجارتی زندگی ہمارے لیے بہترین عملی نمونہ پیش کرتی ہے۔

قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:

وَأَحَلَّ اللَّهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا

[البقرۃ: 275]
ترجمۂ کنزالایمان: اور اللہ نے حلال کیا بیع اور حرام کیا سود۔

بعثتِ نبوی سے قبل مکہ مکرمہ عرب کا ایک اہم تجارتی مرکز تھا۔ یہاں کے اکثر لوگ کاروبار سے وابستہ تھے اور ان کے بڑے بڑے قافلے یمن اور شام کی طرف سفر کیا کرتے تھے۔ بین الاقوامی شاہراہوں کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے یہ شہر تجارتی سرگرمیوں کا نمایاں مرکز بن چکا تھا۔

اسی ماحول میں حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی عملی زندگی کا آغاز فرمایا اور کم عمری ہی سے اپنے اعلیٰ اخلاق اور پاکیزہ کردار کے ذریعے اہلِ مکہ کے دلوں میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تجارت محض منفعت حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں تھی بلکہ اعلیٰ کردار اور باہمی اعتماد کے فروغ کا عملی نمونہ تھی۔

حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے نوجوانی ہی میں تجارت کا آغاز فرمایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی سچائی، امانت داری اور بہترین معاملہ فہمی کی بدولت بہت جلد اہلِ مکہ میں ممتاز حیثیت اختیار کر گئے۔ لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر اس قدر اعتماد کرتے تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو الصادق اور الامین کے القابات سے یاد کیا جانے لگا۔

جیسا کہ حدیثِ مبارکہ میں ارشاد فرمایا گیا:

التَّاجِرُ الصَّدُوقُ الأَمِينُ مَعَ النَّبِيِّينَ وَالصِّدِّيقِينَ وَالشُّهَدَاءِ

[ترمذی شریف، کتاب البیوع، حدیث نمبر: 1209]
ترجمہ: سچا اور امانت دار تاجر قیامت کے دن انبیائے کرام، صدیقین اور شہداء کے ساتھ ہو گا۔

تجارت کی دنیا میں اصل سرمایہ مال نہیں بلکہ اعتبار ہوتا ہے، اور حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اس حقیقت کی روشن دلیل ہے، کہ حقیقی اعتماد بلند کردار سے پیدا ہوتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دیانت داری، حسنِ معاملہ اور معاملہ فہمی سے متاثر ہو کر حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اپنا مالِ تجارت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سپرد کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو شام کے تجارتی سفر پر اپنا نمائندہ مقرر فرمایا۔

اس سفر میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہایت کامیاب تجارت فرمائی اور اپنی امانت داری اور بہترین حکمتِ عملی کے ذریعے غیر معمولی منافع حاصل کیا۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا یہ فیصلہ اس گہرے بھروسے کی واضح علامت تھا کہ انہوں نے بغیر کسی تحریری ضمانت کے اپنا سرمایہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے کر دیا۔ یہ واقعہ اس حقیقت کا روشن ثبوت ہے کہ بعثتِ نبوی سے قبل بھی حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی اعلیٰ صفات کی بدولت معاشرے میں دیانت اور اعتبار کی علامت سمجھے جاتے تھے، اور ایک باکردار شخصیت خود اپنی سب سے مضبوط ضمانت بن جاتی ہے۔

حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تجارتی زندگی اخلاقی اقدار کا ایک مکمل نمونہ پیش کرتی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہر حال میں سچائی کو اختیار فرماتے، امانتوں کی حفاظت کرتے، اور لین دین میں مکمل دیانت داری کا مظاہرہ کرتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا طرزِ عمل اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ تجارت کا اصل حسن حسنِ کردار میں پوشیدہ ہے۔

اسی حقیقت کی طرف قرآنِ کریم رہنمائی کرتے ہوئے فرماتا ہے:

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُمْ بَيْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ

[النساء: 29]
ترجمۂ کنز الایمان: اے ایمان والو! آپس میں ایک دوسرے کے مال ناحق نہ کھاؤ۔

اسی طرح حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے معاملات میں نرم روی کو پسند فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا:

رَحِمَ اللَّهُ رَجُلًا سَمْحًا، إِذَا بَاعَ، وَإِذَا اشْتَرَى، وَإِذَا اقْتَضَى

[صحيح البخاري، كتاب البيوع، حدیث: 2076]
ترجمہ: اللہ تعالیٰ اس شخص پر رحم فرماتا ہے جو خریدتے، بیچتے اور تقاضا کرتے وقت نرمی اختیار کرتا ہے۔

یہ تعلیمات اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہیں کہ تجارت میں اخلاقی پاکیزگی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عملی زندگی نے تجارت کو محض منفعت کے حصول کا ذریعہ نہیں رہنے دیا بلکہ اسے اخلاقی ذمہ داری اور معاشرتی اصلاح کا وسیلہ بنا دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے طرزِ عمل نے یہ تصور مستحکم کیا کہ حلال رزق انسان کے کردار کو سنوارتا اور معاشرے میں اعتماد کو فروغ دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی معاشی فکر کی بنیاد انصاف، دیانت اور ذمہ داری کے اصولوں پر قائم نظر آتی ہے۔

موجودہ دور میں تجارتی معاملات اکثر بداعتمادی اور بے اصولی کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔ ناپ تول میں کمی، ناجائز طریقہ کار اور دھوکہ دہی جیسے رویے معاشرتی توازن کو متاثر کر رہے ہیں۔ حالانکہ قرآنِ کریم نے ایسے طرزِ عمل سے سختی سے منع کرتے ہوئے فرمایا:

وَيْلٌ لِلْمُطَفِّفِينَ

[المطففین: 1]
ترجمۂ کنز الایمان: کم تولنے والوں کی خرابی ہے۔

اگر آج کا مسلمان سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے تجارتی اصولوں کو اختیار کر لے تو معاشی معاملات میں اعتماد اور دیانت کی فضا دوبارہ قائم ہو سکتی ہے۔

ایک مسلمان تاجر کے لیے ضروری ہے کہ وہ تجارت کو محض کاروبار نہ سمجھے بلکہ اسے ذمہ داری اور عبادت کے جذبے کے ساتھ انجام دے۔ سچائی، انصاف، ایمانداری اور خوش معاملگی ایسے اوصاف ہیں جو تجارت کو بابرکت بنا دیتے ہیں۔ اسی لیے حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے واضح ارشاد فرمایا:

مَنْ غَشَّنَا فَلَيْسَ مِنَّا

[ترمذی شریف، کتاب البیوع، حدیث نمبر: 1315]
ترجمہ: ”جس نے ہمیں دھوکہ دیا وہ ہم میں سے نہیں۔“

اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے محنت کی کمائی کو بہترین ذریعۂ رزق قرار دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:

مَا أَكَلَ أَحَدٌ طَعَامًا قَطُّ، خَيْرًا مِنْ أَنْ يَأْكُلَ مِنْ عَمَلِ يَدِهِ وَإِنَّ نَبِيَّ اللَّهِ دَاوُدَ كَانَ يَأْكُلُ مِنْ عَمَلِ يَدِهِ

[بخاری شریف، کتاب البیوع، حدیث نمبر: 2072]
ترجمہ: سب سے پاکیزہ کمائی وہ ہے جو انسان اپنے ہاتھ کی محنت سے کمائے۔

یہ تعلیمات ایک مسلمان تاجر کے لیے مکمل ضابطۂ عمل فراہم کرتی ہیں۔

رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی عملی زندگی صرف عبادت و اخلاق تک محدود نہیں بلکہ معاشی معاملات میں بھی کامل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے کردار سے یہ حقیقت واضح فرما دی کہ سچائی، امانت داری اور شفاف طرزِ عمل ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر مضبوط اور باعزت معاشرہ قائم ہوتا ہے۔

اگر آج کا معاشی نظام ان سنہرے اصولوں کو اپنا لے تو بداعتمادی کی فضا ختم ہو سکتی ہے، دلوں کے فاصلے کم ہو سکتے ہیں اور انسانی تعلقات میں خلوص و برکت پیدا ہو سکتی ہے۔ درحقیقت کامیابی کا راز محض منافع میں نہیں بلکہ کردار کی پاکیزگی اور معاملات کی صفائی میں پوشیدہ ہے۔ یوں یہ بات بلا شبہ کہی جا سکتی ہے کہ اسوہ نبوی ہر دور کے لیے ایک جامع دستورِ حیات ہے، جو فرد کو بھی سنوارتا ہے اور معاشرے کو بھی۔

اللہ تعالیٰ ہمیں شریعتِ محمدی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل کی توفیق عطا فرمائے، ہمارے ہر معاملے کو دین اسلام کے مطابق بنا دے اور ہمیں دین کی صحیح سمجھ نصیب فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

از قلم: ام عروج فاطمہ بنت اکرام رضوی

تاریخ: (15 اپریل 2026، بروز: بدھ)

جدید تر اس سے پرانی
Advertisement
Advertisement
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!