Loading...
دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

کثرت طلاق کی وجوہات اور ان کا شرعی حل (قسط چہارم)

کثرت طلاق کی وجوہات اور ان کا شرعی حل (قسط: چہارم)
عنوان: کثرت طلاق کی وجوہات اور ان کا شرعی حل (قسط: چہارم)
تحریر: مفتی مشتاق احمد امجدی
پیش کش: بنت شہاب عطاریہ

  1. مرد سے بد زبانی کرنا: میاں بیوی میں کسی بات یا کسی چیز کو لے کر تکرار عام سی بات ہے اور فطری تقاضا بھی، جس سے بچ پانا اور خود کو بچا لینا ممکن نہیں تاہم ایسے موقع پر ایک دوسرے کا ضد پر اتر آنا خصوصاً بیوی کو اپنی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنا اور شوہر سے بد زبانی کر بیٹھنا اور اس کے احترام و عظمت کا خیال نہ رکھنا نہایت مہلک اور خطرناک ہے جس سے ایک غیور و باحیا مرد سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے اور ایسی بد زبان عورت سے علاحدگی ہی میں عافیت سمجھتا ہے اور طلاق کی نوبت آتی ہے، لہذا جب کبھی میاں بیوی میں کسی بات پر یا اور کسی سلسلے میں بحث و تکرار ہو تو عورت اپنی زبان پر کنٹرول رکھے، ادب و تہذیب کا دامن اپنے ہاتھ سے نہ چھوڑے اور ہر حال میں شوہر کی عزت نفس کا بھر پور خیال رکھے، بزرگوں سے منقول ہے کہ شادی شدہ عورت کے لیے صبر و ضبط کامیابی اور سرخروئی کی ضمانت ہے۔
  2. ایک دوسرے کے گھر والوں کی عزت نہ کرنا: ایک مثالی اور صالح معاشرہ کی بڑی علامت یہ ہے کہ اس میں چھوٹوں پر شفقت اور بڑوں کی تعظیم کی جائے، اسی کو حسن سلوک سے بھی تعبیر کرتے ہیں، حسن سلوک بندہ مومن کا وہ اصلی اور حقیقی زیور ہے جس کی چمک و دمک سے مومن کی پوری زندگی جگمگاتی ہے، دینی و دنیاوی صلاح وفلاح اس پر مضمر ہے، پیغمبر اسلام نے جس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: من لم يرحم صغيرنا ولم يوقر كبيرنا فليس منا یعنی جو ہمارے چھوٹوں پر شفقت نہ کرے اور (جو چھوٹا) بڑوں کی تعظیم نہ کرے وہ ہم میں سے نہیں یعنی ہمارے معاشرے سے نہیں، بعض مرد و عورت حسن سلوک کی دولت سے محروم ہوتے ہیں اور وہ ایک دوسرے کے اہل خانہ، رشتہ دار اور اہل قرابت سے بد تہذیبی اور بے عزتی کا برتاؤ کرتے ہیں اور ان کے ساتھ حسن سلوک سے پیش نہیں آتے بسا اوقات یہی چیز دونوں میں جدائی کا سبب بن جاتی ہے، ایک اسلامی اور دینی معاشرہ کے افراد کو چاہیے کہ شفقت و رواداری کو لازم پکڑیں، بڑوں کی عزت اور چھوٹوں پر شفقت کریں تو یقیناً ہمارا گھر گھرانا خوشیوں سے لبریز ہو جائے گا اور ہم سب اس شعر کے حقیقی مصداق بن جائیں گے، کسی نے کیا ہی خوب کہا ہے:

کرو مہربانی تم اہل زمیں پر
خدا مہرباں ہوگا عرش بریں پر

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!