Loading...
دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

ایک مثالی طالبہ کیسی ہونی چاہیے؟

ایک مثالی طالبہ کیسی ہونی چاہیے؟
عنوان: ایک مثالی طالبہ کیسی ہونی چاہیے؟
تحریر: بنت مفتی مظفر حسین مصباحی
پیش کش: مجلس القلم الماتریدی انٹرنیشنل اکیڈمی، مرادآباد

انسانی زندگی کی اصل خوبصورتی علم و کردار کے حسین امتزاج میں پوشیدہ ہے۔ ایک طالبہ صرف کتابوں تک محدود نہیں ہوتی بلکہ وہ آنے والی نسل اور معاشرے کی معمار بھی ہوتی ہے۔

مگر افسوس! زمانے کی اس تند و تیز اور نازک گھڑی میں مثالی طالبہ کی ضرورت شدت سے محسوس کی جانے لگی ہے۔ طالبات تو بہت ہیں، مگر سب مثالی نہیں۔ تو ہمیں جاننا چاہیے کہ مثالی طالبہ کیسی ہوتی ہے؟ تاکہ اس پر عمل کر کے ایک بہترین طالبہ بن سکیں۔

زیادہ کچھ لکھنے کے قابل تو نہیں، مگر پھر بھی اپنی کچھ بکھری ہوئی باتوں کو صفحۂ قرطاس پر سمیٹ کر قلمِ برداشتہ کے ذریعے رقم کر رہی ہوں۔

مختصر لفظوں میں کہیں تو بات صرف اتنی ہے کہ مثالی طالبہ وہ ہے جو اُن عظیم ماؤں (صحابیات، اللہ والیوں) کے مآثر کو دلوں میں تازہ رکھ کر اپنے عمل سے بہترین پیغام دے، جو اپنے اساتذۂ کرام اور اپنی کتابوں کا ادب کرے، اپنی نیتوں کو اخلاص اور اپنی ذات کو اخلاق کی ایسی خوشبو سے معطر کرے کہ اس کی پوری نسل بلکہ پورا معاشرہ ہی مشکبار ہو جائے۔

مثالی طالبہ ایسی ہونی چاہیے کہ خود کو بے جا نمود سے محفوظ رکھے، لوگوں کی بے جا باتوں اور دنیاوی امور کی الجھنوں میں افسردہ ہو کر نفسِ ہائے سرد نہ بھرے، بلکہ اگر وہ رنجیدہ ہو تو مدینے کی یاد میں، آنکھوں سے اشک جاری ہوں تو یادِ الٰہی اور یادِ محبوبِ الٰہی میں، دل تڑپے تو عشقِ نبی صلی اللہ علیہ وسلم میں، جسم لرزے تو خوفِ خدا میں۔

مثالی طالبہ ایسی ہونی چاہیے کہ علم کی راہ میں اگر کوئی رکاوٹ آئے تو وہ خود کو درماندگی کا شکار نہ سمجھے، راہِ علم و ادب میں متزلزل نہ ہو، بلکہ وہ حصولِ علم میں بھرپور کدوکاوش اور سرگرمی کے ساتھ مصروف رہے۔ اور ہر جگہ، ہر حالت میں نماز کی پابندی اور پردے کا خاص خیال رکھے، اس کے ہر کام میں ریا کے بجائے رب کی رضا شامل ہو، اور وہ ”مَنْ تَوَاضَعَ لِلّٰهِ رَفَعَهُ اللّٰهُ“ کی جیتی جاگتی تصویر ہو۔

مثالی طالبہ ایسی ہونی چاہیے کہ علمی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ قلمی صلاحیت بھی پیدا کرے اور صفحۂ قرطاس پر نقش آرائی کر کے امت کی بیٹیوں کو بہترین پیغام دے، یعنی کہ اپنی زبان اور کردار و عمل کے ساتھ اپنے قلم کو بھی تبلیغ کا ذریعہ بنائے۔

اور حالات کے پیشِ نظر ایک اہم بات یہ کہ اپنے قول و فعل سے کردار کو داغدار و دندانہ دار نہ ہونے دے، بلکہ ہمیشہ اللہ و رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو راضی کرنے والے کام انجام دے۔

ایک پیغام پیاری طالبات کے نام

اے طالبات! اپنی حالت کو یک قلم منقلب نہ کرنا کہ کہیں تم پر یک قلم پرسش کی گھڑی نہ آ پڑے، بلکہ اپنے اندر دین کا درد اور شریعت پر عمل کا جذبہ بیدار رکھنا، کیونکہ اے طالبات!

آج پھر تیری ضرورت ہے خدا کے دین کو
داستانیں پھر تڑپتی ہیں نئی تدوین کو

عزم و ہمت، جذبہ و ایثار ہو زادِ سفر
عفت و عصمت تیری پہچان ہو ہر گام پر

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!