حضور غوث العالم مخدوم سمنانی کی ایک کرامت | حسین رضا اشرفی مدنی

حضور غوث العالم مخدوم سمنانی قدس سرہ النورانی کی ایک کرامت
عنوان: حضور غوث العالم مخدوم سمنانی قدس سرہ النورانی کی ایک کرامت
تحریر: حسین رضا اشرفی مدنی
پیش کش: دائرۃ المعارف الاشرفیہ

حضور غوث العالم مخدوم سمنانی قدس سرہ النورانی کی ایک کرامت

تحریر: حسین رضا اشرفی مدنی

اولیاے کرام وہ برگزیدہ ہستیاں ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے بے شمار اختیارات عطا فرمائے ہیں، اسی لیے اولیاے کرام سے مختلف طرح کی کرامتوں کا ظہور ہوتا رہتا ہے، انہیں اولیا میں سے ایک عظیم نام حضور سلطان الاولیا غوث العالم محبوب یزدانی عارف اسرار پنہانی سلطان العارفین والتارکین سید مخدوم اشرف جہاں گیر سمنانی قدس سرہ کا بھی ہے جن کا بحر کرم سات سو سالوں سے پیاسوں کو سیراب کر رہا ہے۔

آج بوقت تحریر شب عرفہ ہے، اسی مناسبت سے حضرت غوث العالم رضی اللہ عنہ کی ایک کرامت کا ذکر کرتا ہوں:

حضور غوث العالم سیدنا مخدوم اشرف جہاں گیر سمنانی قدس سرہ الربانی کے متعلق آپ کے محبوب خلیفہ حضرت نظام یمنی علیہ الرحمہ نے لطائفِ اشرفی میں، اعلیٰ حضرت شیخ المشائخ ہم شبیہِ غوث الثقلین سید علی حسین اشرفی جیلانی علیہ الرحمہ نے صحائفِ اشرفی میں، امیرِ اہل سنت مولانا الیاس قادری دام ظلہ العالی نے اپنی کتاب عاشقانِ رسول کی 130 حکایات میں یہ واقعہ لکھا ہے کہ:

ایک گھاس کاٹنے والے بوڑھے شخص کو 9 ذو الحجہ کے روز خیال آیا کہ آج یومِ عرفہ ہے، بہت سارے مسلمان میدانِ عرفات میں جمع ہوں گے اور اپنے رب کی رحمت سے مغفرت کا مژدہ پارہے ہوں گے، اور میں عرفات سے دور حج کی سعادت سے محروم وطن میں پڑا ہوں۔

یہ خیال آتے ہی انہوں نے حسرت سے کہا: کاش میں بھی حج سے مشرف ہوا ہوتا۔

حضور غوث العالم علیہ الرحمہ قریب ہی تشریف فرما تھے، آپ نے اس کی آواز سنی تو ارشاد فرمایا کہ: تم کعبہ پہنچ جاؤ گے۔

اس نے عرض کیا: زہے دولت اگر باشد نصیبے (اگر یہ سعادت نصیب ہو جائے تو کیا ہی خوب دولت ہے)۔

حضور غوث العالم علیہ الرحمہ نے فرمایا: ادھر آؤ، وہ بزرگ شخص آگے بڑھے۔ آپ نے اپنے دستِ مبارک سے اشارہ کیا کہ جاؤ۔ بس یہ فرمانا تھا کہ اس بزرگ شخص نے اپنے آپ کو کعبہ شریف میں پایا۔ وہاں طواف کیا، پھر عرفات پہنچے اور دیگر مناسک ادا کیے اور تین دن وہاں رہے۔

پھر ان کے دل میں خیال آیا کہ اب کون مجھے وطن پہنچائے گا۔ اس خیال کے آتے ہی انہوں نے حضرت غوث العالم محبوبِ یزدانی علیہ الرحمہ کو اپنے سامنے کھڑا ہوا دیکھا۔ فوراً قدم بوسی کی۔

آپ علیہ الرحمہ نے فرمایا: جاؤ۔ اس بزرگ نے سر اٹھایا تو خود کو اپنے گھر میں پایا۔ [یمنی، لطائفِ اشرفی، لطیفہ 55، جلد 2، صفحہ: 602]

اے عاشقان اولیا!
اللہ اللہ آپ نے ملاحظہ فرمایا کہ حضرت مخدوم پاک رضی اللہ عنہ کو اللہ تعالیٰ نے کس قدر اختیارات عطا فرمائے ہیں، کہ آپ نے پل بھر میں ایک شخص کی قسمت جگادی، کاش کہ حضرت مخدوم ایک نظر کرم اس غلام پر بھی فرما دیں تو اس بدکار کا بھی نصیبا جاگ اٹھے اور کیا عجب کہ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل ہوجائے۔

شب عرفہ 9 ذی الحجہ 1447ھ بمطابق 26 مئی 2026 منگل

جدید تر اس سے پرانی
Advertisement
Advertisement
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!