| عنوان: | مسلم لڑکیوں کا ارتداد اور بین المذاہب شادیاں |
|---|---|
| تحریر: | انیس الرحمان حنفی رضوی |
| منجانب: | ماہنامہ اشرفیہ |
بزم دانش: فکر و نظر
بزم دانش میں آپ ہر ماہ بدلتے حالات اور ابھرتے مسائل پر فکر و بصیرت سے لبریز نگارشات پڑھ رہے ہیں۔ ہم ارباب قلم اور علمائے اسلام کو دعوت دیتے ہیں کہ دیے گئے موضوعات پر اپنی گراں قدر اور جامع تحریریں ارسال فرمائیں۔ غیر معیاری اور تاخیر سے موصول ہونے والی تحریروں کی اشاعت سے ہم قبل از وقت معذرت خواہ ہیں۔
از: مبارک حسین مصباحی
فروری 2026 کا عنوان: نکاح نسل انسانی کی بقا کا ضامن
مسلم لڑکیوں کا ارتداد اور بین المذاہب شادیاں
لکھیم پور کھیری کا واقعہ
ابھی دو چار دن میں اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری سے ایک سنسنی خیز خبر سامنے آئی کہ دو مسلم بہنوں نے اپنے ہندو محبوبوں سے شادی کی۔ یہ شادی کسی عدالت یا نکاح خواں کے ذریعے نہیں بلکہ مندر میں ہندو رسومات کے مطابق انجام دی گئی۔ شادی کے دوران دونوں بہنوں نے اپنے اسلامی نام بھی ترک کر دیے، رخسانہ نے “رونی” اور جسمین نے “چاندنی” نام اختیار کیا۔ اس واقعہ نے پورے علاقے میں بحث چھیڑ دی اور سوشل میڈیا پر بھی بڑے پیمانے پر ردعمل سامنے آیا۔
یہ کوئی انوکھا یا منفرد واقعہ نہیں۔ پچھلے کچھ برسوں میں کئی جگہوں سے ایسی خبریں آئی ہیں کہ مسلم لڑکیوں نے ہندو نوجوانوں سے تعلقات قائم کیے، شادی کی یا پھر اسلام ترک کر کے دوسرا مذہب اپنا لیا۔ کچھ کیسوں میں خاندان کی طرف سے شدید مخالفت ہوئی اور لڑکی کو سماجی بائیکاٹ یا حتیٰ کہ جان سے مار دینے جیسے واقعات بھی پیش آئے۔
دنیا بھر میں معاشرتی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ مذہبی شناخت اور ذاتی آزادی کا مسئلہ ہمیشہ سے حساس رہا ہے۔ برصغیر ہند میں، جہاں مختلف مذاہب اور تہذیبیں صدیوں سے ایک ساتھ رہتی آئی ہیں، وہاں یہ حساسیت اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ آج کل اخبارات اور میڈیا میں آئے دن ایسی خبریں سننے کو ملتی ہیں کہ فلاں مسلم لڑکی نے ہندو نوجوان سے شادی کر لی، یا کسی نے اسلام ترک کر کے دوسرا مذہب اختیار کر لیا۔ ایسے واقعات پر ایک عام مسلمان کے دل میں بے چینی اور اضطراب پیدا ہونا فطری امر ہے۔
یہ صورت حال صرف جذباتی پہلو نہیں رکھتی بلکہ اس کے اندر شرعی، سماجی، قانونی اور فکری تمام جہات شامل ہیں۔ یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر مسلم لڑکیاں اپنے خاندانی، مذہبی اور دینی پس منظر کو چھوڑ کر دوسری مذہبی شناخت کیوں قبول کر لیتی ہیں؟ اس کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ اور اس کے سدباب اور تفہیم کے لیے کیا علمی و عملی اقدام کیے جا سکتے ہیں، اس مضمون میں ہم ان سوالات کا تحقیقی اور مقالاتی تجزیہ کریں گے۔
