Loading...
دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

تم سبھی کچھ ہو بتاؤ کہ مسلمان بھی ہو؟|محمد فداء المصطفی قادری

تم سبھی کچھ ہو بتاؤ کہ مسلمان بھی ہو؟
عنوان: تم سبھی کچھ ہو بتاؤ کہ مسلمان بھی ہو؟
تحریر: محمد فداء المصطفی قادری
پیش کش: ناظمین فاطمہ ردولی
منجانب: مجلس القلم الماتریدی انٹرنیشنل اکیڈمی، مرادآباد

آج امت مسلمہ نہایت نازک اور آزمائش بھری گھڑی سے گزر رہی ہے۔ چاروں طرف ایسے حالات پیدا کر دیے گئے ہیں جن میں مسلمانوں کو کمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ باطل قوتیں پوری طاقت کے ساتھ عالم اسلام کے خلاف صف آرا ہیں اور یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ اس دور میں بقا اور عزت کا راستہ صرف اتحاد و اتفاق میں ہی مضمر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں بار بار مسلمانوں کو اتحاد اختیار کرنے اور اختلاف و تفرقہ سے بچنے کی تاکید فرمائی ہے۔ سورہ آل عمران میں واضح حکم دیا کہ سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور آپس میں تفرقہ نہ ڈالو۔ یہ محض ایک نصیحت نہیں بلکہ کامیابی اور سر بلندی کا بنیادی اصول ہے۔ اس کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے باہمی محبت، اخوت اور دلوں کے جوڑ کو اپنی عظیم نعمت قرار دیا، اور یاد دلایا کہ کبھی تم ایک دوسرے کے دشمن تھے مگر اس نے تمھارے دلوں کو جوڑ کر تمھیں بھائی بھائی بنا دیا۔

مزید یہ کہ اللہ تعالیٰ نے اس بات سے بھی سختی سے روکا کہ کہیں تم ان لوگوں کی طرح نہ ہو جاؤ جو واضح ہدایات ملنے کے بعد بھی فرقوں میں بٹ گئے اور اختلافات میں پڑ گئے۔ سورہ انعام میں ایسے لوگوں سے براءت کا اعلان کیا گیا ہے جنھوں نے اپنے دین کو ٹکڑوں میں تقسیم کر لیا اور گروہ در گروہ بن گئے۔ اسی طرح سورہ روم میں گروہ بندی اور فرقہ واریت کو مشرکین کا طرز عمل قرار دے کر مسلمانوں کو اس سے بچنے کی تلقین کی گئی ہے۔ لہٰذا موجودہ حالات میں اتحاد اختیار کرنا صرف وقتی ضرورت نہیں بلکہ دینی فریضہ اور زندہ قوم کی پہچان ہے۔ اگر ہم نے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک ہونے کی کوشش نہ کی تو ہماری کمزوری مزید بڑھتی جائے گی۔ لیکن اگر ہم اخلاص کے ساتھ اتحاد کو اپنائیں، ایک دوسرے کے دکھ درد کو سمجھیں اور مشترکہ مقاصد کے لیے متحد ہو جائیں تو یہی اتحاد ہماری طاقت بن جائے گا اور کامیابی کا دروازہ کھول دے گا اور یہی سبق ہمیں قرآن دیتا ہے کہ نجات، عزت اور کامیابی اتحاد میں ہے، جب کہ تفرقہ صرف زوال اور نقصان کا سبب بنتا ہے۔

آج اگر ہم سنجیدگی کے ساتھ عالم اسلام کے حالات پر نظر ڈالیں تو ایک تلخ حقیقت ہمارے سامنے آتی ہے۔ دشمن کی مسلسل سازشوں کے ساتھ ساتھ ہماری اپنی کمزوریاں، نااہلیاں اور دور اندیشی کی کمی بھی اس زوال کا بڑا سبب بنی ہیں۔ نتیجتاً امت مسلمہ اس مقام پر آپہنچی ہے جہاں اس کا حال اس آیت کی عملی تصویر معلوم ہوتا ہے جس میں گروہوں میں بٹ جانے کو مشرکانہ روش قرار دیا گیا ہے۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا آج مسلمان مختلف حصوں اور چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم نہیں ہو چکے؟ کیا یہ تقسیم اسی نقشے کے مطابق نہیں جسے عالمی طاقتوں نے اپنے مفادات کے لیے ترتیب دیا؟ اور صرف جغرافیائی تقسیم ہی نہیں، بلکہ ہماری مساجد، ہمارے معاشرے اور ہماری صفوں میں بھی اختلافات نے گہری جڑیں پکڑ لی ہیں۔ وہی کیفیت نظر آتی ہے جسے ڈاکٹر اقبال نے بڑے درد کے ساتھ بیان کیا کہ:

فرقہ بندی ہے کہیں اور کہیں ذاتیں ہیں

افسوس کی بات تو یہ ہے کہ معاملہ یہاں تک جا پہنچا ہے کہ ہماری شناخت بھی منتشر ہو کر رہ گئی ہے۔ ہم اپنے آپ کو مختلف ناموں، قومیتوں اور برادریوں سے تو پہچانتے ہیں، مگر اصل پہچان یعنی “مسلمان” ہونا پس منظر میں چلا گیا ہے۔ اسی کیفیت کو بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اقبال نے سوال اٹھایا تھا:

یوں تو سید بھی ہو، مرزا بھی ہو، افغان بھی ہو
تم سبھی کچھ ہو، بتاؤ کہ مسلمان بھی ہو؟

یہ شعر دراصل ہمارے لیے آئینہ ہے جو ہمیں ہماری حقیقت دکھاتا ہے۔ اگر ہم نے اب بھی ہوش نہ سنبھالا اور اتحاد کی طرف واپس نہ آئے تو یہ تفرقہ ہمیں مزید کمزور کرتا چلا جائے گا۔ اگر ہم اپنی اصل شناخت کو پہچان لیں اور اختلافات کو چھوڑ کر ایک امت بن جائیں، تو یہی بکھری ہوئی طاقت پھر سے ایک مضبوط قوت میں بدل سکتی ہے۔

آج کا منظر نامہ نہایت فکر انگیز ہے۔ دنیا میں باطل نظام کی قیادت کرنے والی طاقتیں، خصوصاً یونائٹڈ اسٹیٹ اور اس کی پشت پناہی میں قائم اسرائیل، اس انداز سے اپنی قوت کا اظہار کر رہی ہیں جیسے انھیں کسی کا خوف نہ ہو۔ مگر افسوس کہ ایسے نازک وقت میں امت مسلمہ متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرنے کے بجائے آپس کے اختلافات میں الجھی ہوئی ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ دشمن کی چالاکیوں اور سازشوں نے ہمیں اس قدر متاثر کیا ہے کہ ہم خود ہی ایک دوسرے کے مقابل کھڑے ہو گئے ہیں۔ بھائی بھائی کا مخالف بن چکا ہے اور عالم اسلام کے حکمران بھی باہمی کشمکش اور ٹکراؤ میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ یہ صورت حال نہ صرف کمزوری کی علامت ہے بلکہ ہماری اجتماعی ناکامی کی بھی واضح دلیل ہے۔ سب سے زیادہ افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ ہم نے ان حالات میں اللہ تعالیٰ کی ہدایت اور قرآن و حدیث کی رہنمائی کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ قرآن کریم بار بار ہمیں متنبہ کرتا ہے کہ یہود و نصاریٰ کو اپنا قریبی دوست اور رازدار نہ بناؤ کیوں کہ ان کے مفادات تم سے مختلف ہیں۔ لیکن اس واضح تنبیہ کے باوجود ہم ان ہی طاقتوں سے قربت بڑھانے، ان پر اعتماد کرنے اور ان کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

اگر امت مسلمہ اسی غفلت کا شکار رہی تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ہوش کے ناخن لیں، دشمن کی چالوں کو سمجھیں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ جب تک ہم باہمی اختلافات کو ختم کر کے ایک مضبوط قوت نہیں بن جاتے، اس وقت تک نہ ہم اپنی حفاظت کر سکتے ہیں اور نہ ہی عزت و وقار کے ساتھ دنیا میں اپنا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔

اور آج ملت اسلامیہ جس بے بسی کے ساتھ حالات کا مشاہدہ کر رہی ہے، وہ نہایت تشویش ناک ہے۔ اگر امت میں اس طرح انتشار اور باہمی اختلافات برقرار رہے تو مستقبل میں جو تباہی اور زوال ہمارا مقدر بن سکتا ہے، اس کے آثار ابھی سے نمایاں دکھائی دے رہے ہیں۔ یہی وہ لمحہ ہے جو ہمیں جھنجھوڑتا ہے کہ ہم سنبھل جائیں اور اپنے اصل راستے کی طرف لوٹ آئیں۔

ایسے نازک وقت میں قرآن حکیم ہمیں واضح اور دوٹوک رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ سورہ حجرات کی آیت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں، لہٰذا ان کے درمیان تعلقات کو درست کرنا اور اللہ سے ڈرتے رہنا ہی رحمت کے حصول کا ذریعہ ہے۔ اسی طرح جب میدانِ مقابلہ کی بات آتی ہے تو قرآن ہمیں ثابت قدمی، کثرتِ ذکرِ الٰہی، اطاعتِ الٰہی و رسول اور باہمی اتحاد کا حکم دیتا ہے، اور سختی سے تنبیہ کرتا ہے کہ آپس کے جھگڑے تمھیں کمزور کر دیں گے اور تمھاری طاقت کو ختم کر دیں گے۔

حقیقت یہ ہے کہ قرآن قدم قدم پر ہماری رہنمائی کر رہا ہے، ہمیں جگا رہا ہے، ہمارے ضمیر کو آواز دے رہا ہے، مگر افسوس کہ ہم اپنی روش بدلنے کے لیے تیار نہیں۔ حالانکہ ہماری بنیادیں ایک ہیں: ہمارا اللہ ایک، ہمارا رسول ایک، ہمارا دین ایک، ہماری کتاب ایک اور ہمارے مقاصد بھی ایک ہیں۔ اتنی مضبوط یکسانیت کے باوجود اگر ہم متحد نہیں ہو پاتے تو یہ ہماری سب سے بڑی کمزوری ہے۔ اسی درد کو محسوس کرتے ہوئے مفکرِ اسلام ڈاکٹر محمد اقبال نے برسوں پہلے ہمیں متوجہ کیا تھا کہ اگر مسلمان واقعی ایک ہو جائیں تو یہ کوئی معمولی بات نہیں بلکہ ایک عظیم قوت بن سکتی ہے۔ اور انھوں نے پکار کر کہا:

ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
نیل کے ساحل سے لے کر تابخاکِ کاشغر

آج بھی ہماری بقا، سلامتی اور عزت کا راستہ اسی اتحاد میں پوشیدہ ہے۔ اگر ہم نے اس پیغام کو سمجھ لیا تو کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!