| عنوان: | احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی |
|---|---|
| تحریر: | اویس یامین عطاری مدنی |
| پیش کش: | بنت شہاب عطاریہ |
اعلیٰ حضرت، مجددِ دین و ملت مولانا شاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی تحریر و تقریر سے برِ عظیم (پاک و ہند) کے مسلمانوں کے عقیدہ و عمل کی اصلاح فرمائی، آپ کے ملفوظات جس طرح ایک صدی پہلے رہنما تھے، آج بھی مشعلِ راہ ہیں۔ دورِ حاضر میں ان پر عمل کی ضرورت مزید بڑھ چکی ہے۔
اعلیٰ حضرت امامِ اہلسنت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
- 1. ذکرِ موت و ذکرِ قبر و ذکرِ آخرت و ذکرِ انبیاء و ذکرِ اولیاء علیہم افضل الصلوٰۃ والثناء سب ذکرِ الہی ہیں۔ [فتاویٰ رضویہ مخرجہ، 9/158]
- 2. نماز کے مسائلِ ضرور یہ کا نہ جاننا فسق (یعنی گناہ و جرم) ہے۔ [فتاویٰ رضویہ مخرجہ، 6/523]
- 3. جس نے قصداً (یعنی جان بوجھ کر) ایک وقت کی نماز چھوڑی ہزاروں برس جہنم میں رہنے کا مستحق ہوا۔ [فتاویٰ رضویہ مخرجہ، 9/158]
- 4. گھڑی بھر کا تفکر (یعنی سوچ بچار) انسانوں اور جنوں کی عبادت سے بہتر ہے۔ [فتاویٰ رضویہ مخرجہ، 9/151]
- 5. خرابیوں کے اسباب دور کرنا خوبیوں کے اسباب حاصل کرنے سے زیادہ اہم ہے۔ [فتاویٰ رضویہ مخرجہ، 9/551]
- 6. لوگوں کی تالیفِ قلبی (یعنی دل جوئی) کرنے اور ان کو مجتمع (یعنی جمع) رکھنے کے لیے افضل (کام) کو ترک کرنا انسان کے لیے جائز ہے تاکہ لوگوں کو نفرت نہ ہو جائے۔ [فتاویٰ رضویہ مخرجہ، 7/680]
- 7. پیر پر طعن و تشنیع (یعنی برا بھلا کہنا) ارتدادِ طریقت (یعنی طریقت سے پھر جانا) ہے اس سے خلافت تو درکنار (یعنی خلافت تو ایک طرف رہی) بیعت سے بھی (انسان) خارج ہو جاتا ہے۔ [فتاویٰ رضویہ مخرجہ، 6/551]
- 8. جماعت میں برکت ہے اور دعائے مَجْمَعِ مُسْلِمِین اقرب بقبول (یعنی مسلمانوں کے مجمع میں دعا مانگنا قبولیت کے قریب تر ہے)۔ [فتاویٰ رضویہ، 24/184]
- 9. جو اپنے نفس پر اعتماد کرے اس نے بڑے کذاب (یعنی بہت بڑے جھوٹے) پر اعتماد کیا۔ [ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت، ص: 454]
- 10. جب فعل کے سنت اور مکروہ ہونے میں شک ہو تو اس کا ترک (یعنی چھوڑ دینا) بہتر ہوتا ہے۔ [فتاویٰ رضویہ مخرجہ، 8/303]
- 11. جو مظلوم کی داد رسی (یعنی انصاف) پر قادر ہو اور نہ کرے تو اس کے لیے ذلت کا عذاب ہے۔ [فتاویٰ رضویہ، 24/347]
- 12. ہر مسلمان پر فرضِ اعظم ہے کہ اللہ (عزوجل) کے سب دوستوں سے محبت اور اس کے سب دشمنوں سے عداوت رکھے۔ یہ ہمارا عین ایمان ہے۔ [ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت، ص: 276]
