Loading...

اصدق الصادقین، سید المتقین، خلیفہ اول، سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ

موضوع: اصدق الصادقین، سید المتقین، خلیفہ اول، سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ
عنوان: موضوع: اصدق الصادقین، سید المتقین، خلیفہ اول، سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ
تحریر: ڈاکٹر اقبال احمد اختر القادری
پیش کش: محمد کوثر العطاری
منجانب: مرکزی جامعۃ المدینہ فیضان عطار نیپال گنج

الصدق الصادقین، سید المتقین، افضل البشر بعد الانبیاء، خلیفة الرسول، امیر المؤمنین حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کیا شان بیان کی جائے کہ آپ انبیائے کرام اور رسولانِ عظام کے بعد انسانوں میں سب سے بلند مرتبہ ہیں۔ آپ کی ولادت واقعہ فیل (یعنی جب حبشہ کا بادشاہ ابرہہ، ہاتھیوں کے لشکر لے کر مکہ مکرمہ پر حملہ آور ہوا تھا) سے تقریباً دو سال چار ماہ بعد ہوئی، آپ حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے دو سال چند ماہ چھوٹے تھے۔ زمانہء جاہلیت میں آپ کا اسمِ گرامی "عبد الکعبہ" تھا، جسے بعد میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے تبدیل فرما کے "عبد اللہ" تجویز فرمایا۔ آپ کے والد ماجد "ابو قحافہ" کا نام "عثمان" تھا، جن کا تعلق بنو تیم قبیلے سے تھا۔

القاب و آداب

آپ "عتیق" اور "صدیق" کے لقب سے ممتاز ہیں، جب کہ کنیت "ابو بکر" ہے۔ آپ کا سب سے مشہور لقب "صدیق" ہے۔ حافظ ابن عبد البر اس کی یہ توجیہ بیان کرتے ہیں: "آپ نے ہر معاملہ میں حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تصدیق کرنے میں پہل کی، اس لیے آپ کا لقب صدیق رکھا گیا"۔ امیر المؤمنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے منقول ہے کہ یہ لقب اللہ نے خود نازل فرمایا، آپ حلفیہ بیان کرتے ہیں کہ: "اللہ تعالیٰ نے ابوبکر کے لیے 'صدیق' کا لقب آسمان سے نازل فرمایا"۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت جبریل نے عرض کیا: "قسم ہے آپ کو مبعوث فرمانے والے رب کی! ابوبکر کا زمین کی نسبت آسمانوں پر زیادہ شہرہ ہے، وہاں ان کا نام حلیم ہے"۔

اخلاق و کردار اور دورِ جاہلیت کی پاکیزگی

حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ شروع ہی سے سلیم الفطرت تھے، شراب نوشی سے عمر بھر محفوظ رہے۔ ایک بار صحابہ کرام نے پوچھا کہ زمانہ ٔ جاہلیت میں کبھی آپ نے شراب نوشی کی ہے؟ آپ نے فرمایا: ”میں اللہ کی پناہ مانگتا ہوں، مجھے اپنی عزت اور مال کی حفاظت مطلوب تھی، شراب نوشی عزت و آبرو کے لیے باعث نقصان ہے“۔ حضور ِ انور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو جب یہ بات پہنچی تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے دو مرتبہ فرمایا: ”صدق ابوبکر ‘ صدق ابوبکر۔۔۔ (ابوبکر سچ کہتے ہیں واقعی انہوں نے کبھی شراب نوشی نہیں کی)“۔

قبولِ اسلام اور خدمات

مردوں میں سب سے پہلے سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اسلام قبول کیا۔ آپ کو یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ آپ کی چار پشتیں شرفِ صحابیت سے بہرہ یاب ہوئیں؛ یعنی والدین، اولاد اور پوتے سب صحابی ہیں۔ آپ نے اپنی ذات کے ساتھ اپنی تمام دولت بھی اشاعت اسلام کے لیے وقف کر دی، ساری کی ساری دولت مظلوم اور کمزور غلاموں کی آزادی اور مسلمانوں کی مدد پر خرچ کر دی۔ خدمتِ اسلام کے لیے آپ کی ان ہی مساعیِ جمیلہ کے سبب والیِ کائنات سرکارِ دو عالم حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ: "تمام انسانوں میں میری سب سے زیادہ مدد ابوبکر صدیق نے کی ہے۔"

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!