| عنوان: | جوانی کو غنیمت جانیے، توبہ میں تاخیر نہ کیجیے |
|---|---|
| تحریر: | محمد عارف رضا قادری امجدی |
| پیش کش: | جامعہ امجدیہ رضویہ، گھوسی |
حُجَّۃُ الاِسلام حضرتِ سیِّدُنا امام محمد بن محمد غَزالی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَالِی تحریر فرماتے ہیں: حضرتِ منصور بن عَمّار عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَفَّار نے ایک نوجَوان کو نصیحت کرتے ہوئے کہا: "اے جوان! تجھے تیری جوانی دھوکے میں نہ ڈالے، کتنے ہی جوان ایسے تھے جنہوں نے توبہ کو مؤخَّر اور اپنی اُمیدوں کو طویل کر دیا، موت کو بھلا دیا اور کہتے رہے کہ کل توبہ کر لیں گے، یہاں تک کہ اسی غفلت میں مَوت آگئی اور وہ غافِل اندھیری قَبْر میں جا سوئے۔"
توبہ میں ٹال مٹول کی حقیقت
امام غَزالی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَالِی فرماتے ہیں: "کیا تم غور نہیں کرتے کہ تم کب سے اپنے نفْس سے وعدہ کررہے ہو کہ کل عمَل کروں گا، وہ ’کل‘ ’آج‘ میں بدل گیا، لیکن تم آج عمَل کرنے سے عاجِز ہو تو ’کل‘ زِیادہ عاجِز ہوگے!" آپ نے ایک نہایت پُر اثر مثال دی: "توبہ میں تاخیر کرنے والا اُس آدمی کی طرح ہے جو درخت کو اُکھاڑنے سے جوانی میں عاجِز ہو اور اُسے دوسرے سال پر چھوڑ دے، حالانکہ وہ جانتا ہے کہ جوں جوں وقت گزرے گا درخت مضبوط اور اُکھاڑنے والا کمزورتر ہوتا جائے گا۔"
موت کا اٹل پیغام
جَوانی کو غنیمت جانئے اور اِسی عُمْر میں نفْس کے منہ زور گھوڑے کو لگام دے دیجئے اور توبہ کرنے میں جلدی کیجئے، کیونکہ موت نہ جوانی کا لحاظ کرتی ہے نہ بچپن کا۔
موت نہ دیکھے حسن و جوانی نہ یہ دیکھے بچپن
خواہ ہو عمر اٹھارہ برسی یا ہو جاوے پچپن
دعا
اللہ عَزَّوَجَلَّ ہمیں اپنی جوانی کو اپنی رضا کے مطابق گزارنے، گناہوں سے سچی توبہ کرنے، نیک اعمال میں جلدی کرنے، غفلت اور ٹال مٹول سے بچنے، اور ایمان پر خاتمہ نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیِّیْن صلَّی اللہُ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلَّم۔
عارف آج ہی کر لے توبہ کل کا کوئی بھروسا نہیں
موت جب آ جائے اچانک پھر مہلت ملا کرتی نہیں
