Loading...

مفتیِ دعوتِ اسلامی مفتی قاسم عطاری کی تحریری خدمات

مفتیِ دعوتِ اسلامی مفتی قاسم عطاری کی تحریری خدمات
عنوان: مفتیِ دعوتِ اسلامی مفتی قاسم عطاری کی تحریری خدمات
تحریر: عمران رضا عطاری مدنی (بنارس)
پیش کش: مجمع التصانیف

خدمتِ دین کا ایک نہایت مؤثر اور دیر پا طریقہ دینی کتابوں کی تصنیف و تالیف بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اوائل دور سے ہی علماے کرام نے اس جانب خصوصی توجہ فرمائی اور مختلف علوم و فنون پر متعدد زبانوں میں بے شمار کتب و رسائل تصنیف کیے، جو آج تک رہنمائی کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں۔

تحریری دینی خدمات انجام دینے والوں کی صف میں فی زمانہ ایک نمایاں اور ممتاز نام مفتیِ دعوتِ اسلامی، شیخُ القرآن، استاذُ العلما حضرت مفتی محمد قاسم عطاری مدنی دامت برکاتہم العالیہ کا ہے۔ آپ نے بڑے پیمانے پر تصنیفی خدمات انجام دی ہیں۔ آپ کی تحریریں علم و تحقیق، دعوت و اصلاح اور فکری رہنمائی کا حسین امتزاج ہیں، جس سے ایک زمانہ مستفیض ہورہا ہے۔

سب سے پہلی کتاب

مفتی اہلِ سنت، حضرت مفتی محمد قاسم عطاری حفطہ اللہ کثیر التصانیف اور علمی و تحقیقی میدان کے ایک ممتاز اور معروف بزرگ ہیں۔ آپ کو تصنیف و تالیف سے بے حد لگاؤ ہے، یہاں تک کہ دورانِ تعلیم ہی سے آپ نے لکھنے کا سلسلہ شروع فرما دیا تھا۔ مطالعہ اور تحقیق کے ساتھ ساتھ آپ کی قلمی صلاحیتیں بھی نکھرتی چلی گئیں اور ابتدائی ہی دور میں علمی تحریروں کا آغاز ایک نمایاں شناخت بن گیا۔

آپ کی سب سے پہلی تصنیف درجۂ اولیٰ یا ثانیہ کے زمانے میں سامنے آئی، جس کا نام ”اللہ کی عطائیں“ ہے۔ اس رسالے میں انبیاے کرام اور اولیاے کرام علیہم السلام سے استمداد اور توسل کے جواز پر مدلل اور مضبوط دلائل جمع کیے گئے تھے، جو آپ کے علمی ذوق اور تحقیق کی گہرائی کا واضح ثبوت ہے۔

تصنیفی کام کا مستقل وقت

جیسا کہ قارئین بخوبی جانتے ہیں کہ مفتیِ اہلِ سنت، حضرت علامہ مفتی محمد قاسم عطاری حفظہ اللہ نہایت مصروف ترین شخصیت ہیں۔ آپ کا بنیادی میدان دارالافتاء اہلِ سنت میں جاری فتاویٰ کی تحقیق، مراجعت اور تصحیح ہے۔ اس کے ساتھ آپ دارالافتاء اہلِ سنت کے رئیس بھی ہیں، جس کے تمام علمی و انتظامی امور آپ کی نگرانی میں انجام پاتے ہیں۔ مزید برآں تنظیمی ذمہ داریاں، ملک و بیرونِ ملک دعوتی اسفار اور دیگر دینی مصروفیات بھی آپ کے شب و روز کا حصہ ہیں۔

ان بے شمار مصروفیات کے باوجود مفتی صاحب تصنیف و تالیف کو غیر معمولی اہمیت دیتے ہیں۔ اسی مقصد کے لیے آپ نے اپنے معمولات میں تصنیفی اوقات باقاعدہ مقرر کر رکھے ہیں، جن میں پوری یکسوئی کے ساتھ صرف علمی و تحقیقی کام انجام دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کے قلم سے بیسیوں مفید، معیاری اور علمی کتب و رسائل منظرِ عام پر آچکے ہیں، جن سے اہلِ علم اور عوام دونوں یکساں طور پر مستفید ہو رہے ہیں۔

کتب ورسائل کی فہرست

درسِ نظامی کی تکمیل کے بعد مفتی صاحب نے وقت کی ضرورت اور موجودہ دور کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے باقاعدہ تحریری و تصنیفی خدمات کا آغاز فرمایا۔ آپ کی تحریروں میں جہاں علمی پختگی اور فقہی بصیرت پائی جاتی ہے، وہیں سادہ، عام فہم اور دل نشین اندازِ بیان بھی نمایاں نظر آتا ہے، جس کی وجہ سے آپ کی کتب عوام و خواص دونوں میں یکساں مقبول ہیں۔

اب تک آپ کی متعدد تصانیف منظرِ عام پر آ چکی ہیں، جنہوں نے علمی حلقوں میں خوب پذیرائی حاصل کی اور دینی و فکری میدان میں رہنمائی کا اہم ذریعہ بنیں۔ ذیل میں آپ کی کتب و رسائل کے نام پیش کیے جاتے ہیں:

  • کنز العرفان فی ترجمۃ القرآن حاشیہ افھام القرآن
  • صراط الجنان فی تفسیر القرآن (۱۰ جلدیں)
  • تفسیر تعلیم القرآن
  • ۶۰ درس قرآن
  • اے ایمان والو!
  • ایمان کی حفاظت
  • فیضان دعا
  • آداب فتویٰ
  • اسلام قبول کرنے کی اہمیت و فضیلت
  • بزرگان دین کا شوق مطالعہ
  • اعلیٰ حضرت کی اعلیٰ باتیں
  • دکھ درد تے بیماریاں دا علاج
  • وقف کے شرعی احکا‏م
  • وقت کی اہمیت
  • آئیے دعا مانگتے ہیں
  • عورت اور قرآن
  • علم اور علما کی اہمیت
  • رحمتوں کی برسا‏‏ت
  • عشق رسول مع امتی کے حقوق مصطفٰیﷺ
  • رسائل قادریہ
  • سیرت انبیاء
  • دیدار مصطفیٰﷺ
  • رضاے مصطفیٰ ﷺ
  • مسلمانوں کا زوال
  • درود اور آیت درود
  • شبِ براءت کے متعلق سوال جواب
  • فتوی نویسی سیکھنے کے چند رہنما اصول (آپ کے بیان کردہ نکات کا مجموعہ)

تحریرات کی خصوصیات

مفتیِ اہلِ سنت حضرت علامہ مفتی محمد قاسم عطاری حفظہ اللہ کی تحریرات اپنے منفرد اسلوب، علمی وقار اور اصلاحی رنگ کی وجہ سے ممتاز حیثیت رکھتی ہیں۔ ان کی چند نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں:

  • اختصار و جامعیت: آپ کی تحریر مختصر ہونے کے باوجود نہایت جامع ہوتی ہے، جس میں کم الفاظ میں زیادہ سے زیادہ مفہوم سمو دیا جاتا ہے۔
  • قرآنی استدلال: آپ کی تحریرات میں جابجا آیاتِ قرآنیہ سے استدلال کیا جاتا ہے، جس سے مضامین میں علمی پختگی اور روحانی تاثیر پیدا ہو جاتی ہے۔
  • عقلی و مدلل اسلوب: عصرِ حاضر میں لبرل ازم، دہریت اور دیگر باطل نظریات کا نہایت مؤثر علمی اور عقلی انداز میں رد کیا جاتا ہے۔
  • اصلاحی اور عملی دعوت: آپ کی تحریرات قاری کے اندر عمل کا جذبہ، دینی غیرت، دعوتِ دین کا شوق اور زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کا عزم بھی پیدا کرتی ہیں۔ گویا کہ آپ کی تحریریں ایک مؤثر اصلاحی اور موٹیویشنل کردار ادا کرتی ہیں۔

سب سے عظیم ترین تصنیفی شاہکار

مفتیِ اہلِ سنت حضرت علامہ مفتی محمد قاسم عطاری حفظہ اللہ نے مختلف موضوعات پر متعدد علمی و دینی کتابیں تصنیف فرمائی ہیں، مگر جو غیر معمولی مقبولیت اور قبولِ عام و خاص تفسیر صراط الجنان کو حاصل ہے، وہ کسی دوسری تصنیف کے حصے میں نہ آئی۔ یہ تفسیر اپنی آسان، سادہ اور عام فہم زبان، مستند علمی مواد اور مؤثر اسلوب کے باعث عوام و خواص دونوں میں یکساں مقبول ہوئی۔ فہمِ قرآن کے شوق رکھنے والوں نے اسے نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا اور اسے اپنے مطالعے کا حصہ بنایا。

اسی اہمیت اور افادیت کے پیشِ نظر دعوتِ اسلامی کے شعبۂ آئی ٹی نے تفسیر صراط الجنان کی باقاعدہ موبائل ایپلی کیشن بھی جاری کی، جس کے ذریعے دنیا بھر میں لاکھوں افراد اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔ مزید یہ کہ آج سیکڑوں مساجد میں درسِ قرآن کا سلسلہ اسی مبارک تفسیر صراط الجنان سے جاری و ساری ہے۔

تفسیر صراط الجنان کی چند خصوصیات

  • دو مستند تراجم: اس تفسیر میں قرآنِ مجید کے دو معتبر تراجم شامل کیے گئے ہیں۔ ایک اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنت، امام احمد رضا خان قادری رحمۃ اللہ علیہ کا شہرۂ آفاق ترجمہ کنز الایمان اور دوسرا مفتیِ اہلِ سنت حضرت علامہ مفتی محمد قاسم عطاری حفظہ اللہ کا ترجمۂ کنز العرفان، جسے کنز الایمان کی آسان اور عام فہم تسہیل قرار دیا جا سکتا ہے۔
  • خزائن العرفان کی افادیت: صدرُ الافاضل حضرت علامہ مفتی نعیم الدین مرادآبادی رحمۃ اللہ علیہ کے شاہ کار تفسیری حاشیے خزائن العرفان کا تقریباً مکمل علمی سرمایہ اس تفسیر میں شامل کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی مشکل الفاظ و تعبیرات کو آسان زبان میں پیش کرکے ضروری تحقیق، تخریج اور توضیح بھی کر دی گئی ہے۔
  • آسان اور عام فہم اسلوب: پوری تفسیر میں مشکل اردو تراکیب کے بجائے نہایت سادہ، رواں اور عام فہم الفاظ اختیار کیے گئے ہیں، تاکہ کم پڑھے لکھے افراد بھی آسانی سے قرآنِ کریم کا مفہوم سمجھ سکیں اور اس کی تعلیمات و احکام پر عمل کر سکیں۔
  • احادیثِ مبارکہ سے مزین: موضوع کی مناسبت سے مختلف مقامات پر احادیثِ مبارکہ کو شامل کیا گیا ہے، جس سے آیاتِ قرآنی کی تشریح مزید واضح، مؤثر اور دل نشین ہو گئی ہے۔
  • احکامِ شرعیہ کی آسان وضاحت: جہاں قرآنِ کریم میں شرعی احکام و مسائل کا ذکر آیا ہے، وہاں ان سے متعلق ضروری فقہی مسائل کو نہایت سہل، جامع اور عام فہم انداز میں بیان کیا گیا ہے۔
  • عقائد و معمولاتِ اہلِ سنت کی مدلل تشریح: متعدد مقامات پر عقائدِ اہلِ سنت اور معمولاتِ اہلِ سنت کو قرآن و حدیث کی روشنی میں مضبوط دلائل کے ساتھ واضح کیا گیا ہے۔
جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!