Loading...
دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

بدعہد، غدار، خائن اور دھوکے باز کی مذمت (قسط: اول) | امام احمد بن حجر مکی

بدعہد، غدار، خائن اور دھوکے باز کی مذمت (قسط: اول)
عنوان: بدعہد، غدار، خائن اور دھوکے باز کی مذمت (قسط: اول)
تحریر: شیخ الاسلام شہاب الدین امام احمد بن حجر مکی
پیش کش: عرشیہ بانو عطاریہ
منجانب: امجدی گلوبل اکیڈمی

43۔ حضورِ پاک، صاحبِ لولاک، سیاحِ افلاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے: ’’قیامت کے دن ہر خیانت کرنے والے کے لئے ایک جھنڈا گاڑا جائے گا جس سے اس کی پہچان ہوگی۔‘‘ [کنز العمال، کتاب الاخلاق، قسم الاقوال، باب الغدر، الحدیث: 2686، ج 3، ص 207]

44۔ سرکارِ مدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’قیامت کے دن ہر خائن کے لئے ایک جھنڈا گاڑا جائے گا اور کہا جائے گا: ’سن لو! یہ فلاں بن فلاں کی خیانت ہے۔‘ ‘‘ [صحیح مسلم، کتاب الجہاد، باب تحریم الغدر، الحدیث: 353، ص 986]

جہنم میں لے جانے والے اعمال (صفحہ: 273) | الزَّوَاجِرُ عَنِ اقْتِرَافِ الْكَبَائِرِ

45۔ شہنشاہِ خوش خصال، پیکرِ حُسن و جمال صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے: ’’قیامت کے دن خائن کی سرین (یعنی پچھلے مقام) پر ایک جھنڈا گاڑا جائے گا جس سے اس کی پہچان ہوگی۔‘‘ [المسند للامام احمد بن حنبل، مسند ابی سعید الخدری، الحدیث: 11303، ج 1، ص 40]

46۔ دافعِ رنج و ملال، صاحبِ جود و نوال صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے: ’’قیامت کے دن ہر خائن کے لیے ایک جھنڈا ہوگا جس سے اس کی پہچان ہوگی۔‘‘ [صحیح البخاری، کتاب الجزیۃ والموادعۃ، باب اثم الغادر...... الخ، الحدیث: 3186، ص 258]

47۔ رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے: ’’جب اللہ عزوجل قیامت کے دن اولین و آخرین کو جمع فرمائے گا تو ہر دھوکے باز کے لئے ایک جھنڈا بلند کیا جائے گا پھر کہا جائے گا: ’یہ فلاں بن فلاں کا دھوکا ہے۔‘ ‘‘ [صحیح مسلم، کتاب الجہاد، باب تحریم الغدر، الحدیث: 2529، ص 986]

48۔ نبیِ مکرم، نُورِ مجسم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے: ’’بدعہدی کرنے والے ہر شخص کے لیے قیامت کے دن اس کی بدعہدی کے مطابق جھنڈا گاڑا جائے گا۔‘‘ [سنن ابن ماجہ، ابواب الجہاد، باب البیعت، الحدیث: 2873، ص 250]

49۔ حضرت سیدنا ابو سعید رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سرکارِ مدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے: ’’ہرخائن کے لئے قیامت کے دن ایک علم ہوگا جس سے اس کی خیانت کے مطابق بلند کیا جائے گا، سن لو! حکمران سے بڑھ کر خیانت کرنے والا کوئی نہ ہوگا۔" [صحیح مسلم، کتاب الجہاد، باب تحریم الغدر، الحدیث: 4538، ص 986]

50۔ شفیع المذنبین، انیس الغریبین، سراج السالکین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: "قیامت کے دن غدار کا جھنڈا اس کی سرین پر نصب ہوگا۔" [المعجم الکبیر، الحدیث: 164، ج 20، ص 86]

51۔ حضرت سیدنا ابو سعید رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ محبوبِ ربّ العالمین، جنابِ صادق و امین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: "قیامت کے دن غدار کا جھنڈا اس کی سرین پر ہوگا۔" [صحیح مسلم، کتاب الجہاد، باب تحریم الغدر، الحدیث: 4537، ص 986]

52۔ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نبوت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: "جب تک لوگ اپنے آپ سے غداری نہ کرنے لگیں ہرگز ہلاک نہ ہوں گے۔" [سنن ابی داؤد، کتاب الملاحم، باب الامر والنہی، الحدیث: 4347، ص 1540]

53۔ سیدِ عالم، نورِ مجسم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: "مکر و فریب جہنم میں (لے جانے والے) ہیں۔" [شعب الایمان، باب فی الامانات...... الخ، الحدیث: 5268، ج 4، ص 324]

54۔ محبوبِ ربِّ العزّت، محسنِ انسانیت عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے: "مکر و فریب اور خیانت جہنم میں (لے جانے والے) ہیں۔" [المستدرک، کتاب الاھوال، باب تحشر ھذہ الامۃ...... الخ، الحدیث: 8831، ج 5، ص 833]

55۔ شہنشاہِ مدینہ، قرارِ قلب و سینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے: "جس نے کسی مومن کو نقصان پہنچایا یا اس کے ساتھ فریب کیا وہ ملعون ہے۔" [جامع الترمذی، ابواب البر والصلۃ، باب ما جاء فی الخیانۃ...... الخ، الحدیث: 1941، ج 4، ص 184]

56۔ سرکارِ مدینہ، صاحبِ معطر پسینہ، فیض گنجینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "جس نے کسی عورت کو اس کے شوہر یا غلام کو اس کے آقا کی سرکشی پر ابھارا وہ ہم میں سے نہیں۔" [سنن ابی داؤد، کتاب الادب، باب فیمن خبب مملوکاً...... الخ، الحدیث: 5170، ص 601]

57۔ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر و رہبر صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے: "جس نے کسی عورت کو اس کے شوہر یا غلام کو اس کے آقا کی سرکشی اور نافرمانی پر ابھارا وہ ہم میں سے نہیں۔" [سنن ابی داؤد، کتاب الطلاق، باب فمن خبب امرأۃ...... الخ، 2175، ص 1383]

58۔ دو جہاں کے تاجور، سلطانِ بحر و بر صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے: "جس نے ہمارے ساتھ بددیانتی کی وہ ہم میں سے نہیں اور مکر و فریب جہنم میں (لے جانے والے) ہیں۔" [المعجم الکبیر، الحدیث: 10233، ج 10، ص 138]

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!