| عنوان: | میلاد النبی کا مقصد |
|---|---|
| تحریر: | سید احمد رضا صادق مدنی |
ربيع الاول کا بابرکت مہینہ ہم سب کے لیے خوشیوں اور برکتوں کا پیغام لے کر آتا ہے۔ ہم سب آمدِ مصطفیٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر خوشیاں مناتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس مبارک موقع کو ہم مزید با مقصد اور فائدہ مند کیسے بنا سکتے ہیں؟ آئیے، جانتے ہیں چند بہترین اور پُراثر طریقے!
میلاد النبی کو بامقصد بنانے کے بہترین طریقے
نماز اور قرآن کی پابندی: اس مہینے سے پانچ وقت باجماعت نماز کی پابندی شروع کیجیے اور روزانہ کم از کم 3 آیات ترجمہ و تفسیر کے ساتھ پڑھنے کا معمول بنائیے۔
درود شریف کی کثرت: روزانہ کم از کم 313 بار درود پاک پڑھنے کا اہتمام کیجیے۔
سیرتِ مصطفیٰ کا مطالعہ: نبی کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی سیرت پر مبنی مستند کتابوں، جیسے 'سیرتِ مصطفیٰ' کا مطالعہ کریں تا کہ آپﷺ کی زندگی کو سیکھ کر ہم اپنی اصلاح کر سکیں۔
غریبوں اور ناداروں کی مدد: مہنگائی کے اس دور میں کسی غریب یا سید زادے کے گھر ایک دو مہینے کا راشن ڈلوائیں، یا کسی نادار کا قرض ادا کر کے اس کا کھاتہ کلیئر کروا دیں۔
مریضوں کا علاج اور روزگار: کسی بیمار کے علاج کا خرچ اٹھا کر یا کسی مستحق کو چھوٹا موٹا روزگار شروع کروا کر حضور ﷺ کی امت کی سچی خدمت کا ثواب حاصل کریں۔
شریعت کی پاسداری، حقوق العباد اور توبہ
ادب اور شریعت کی پاسداری: گھروں اور مساجد میں چراغاں ضرور کریں، لیکن بجلی چوری، سڑکوں کی رکاوٹ، اور گانے باجے جیسے کاموں سے مکمل پرہیز کریں۔
توبہ و اِستغفار: اس میلاد النبی کے مبارک موقع پر یہ پکی نیت کرلیجیے کہ آج کے بعد میں کوئی گناہ نہیں کروں گا اور جو گناہ ہوئے ہیں میں اس سے سچی پکی توبہ کرتا ہوں۔
محافلِ میلاد میں وقت کی پابندی کریں اور لاؤڈ سپیکر کی اونچی آواز سے پڑوسیوں یا مریضوں کو تکلیف نہ پہنچائیں۔ یاد رکھیے، سچا میلادی وہی ہے جو شریعت کی پاسداری کرے اور لوگوں کے حقوق کا خیال رکھے۔ جشنِ ولادت کا حقیقی مقصد حضور اکرم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی آمد کے مقصد کو سمجھنا، سیرتِ مبارکہ کو پڑھنا اور سنتوں کو اپنی زندگی میں اپنانا ہے۔
اللہ کریم ہمیں شریعت کے مطابق میلاد منانے اور سیرتِ مصطفیٰ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
