تبصرۂ کتاب: آخری نبی کی پیاری سیرت

میلاد النبی کا مقصد
عنوان: میلاد النبی کا مقصد
تحریر: سید احمد رضا صادق مدنی

نام کتاب: آخری نبی کی پیاری سیرت
مرتب: مولانا حامد سراج عطاری مدنی
موضوع: سیرت و شمائل
کل صفحات: 149
ناشر: مکتبۃ المدینہ
سنِ اشاعت: رمضان المبارک، ۱۴۴۲ھ / ۲۰۲۲ء
تبصرہ نگار: عمران رضا عطاری مدنی بنارسی
پیش کش: مجمع التصانیف

تعارف اور کتاب کی مقبولیت

سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کا مطالعہ ہر مسلمان کے لیے نہایت ضروری ہے، تاکہ وہ اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی مبارک زندگی کے تمام پہلوؤں سے واقف ہو، سیرتِ طیبہ کے ہر باب سے آگاہی حاصل کرے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی شب و روز کی زندگی، عبادات، معاملات، اخلاق، عادات اور تعلیمات کو جانے، اور پھر اپنی زندگی کو آپ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھال کر دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کرے۔

سیرتِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم پر اگرچہ قدیم و جدید زمانے میں بے شمار کتابیں لکھی جا چکی ہیں، لیکن عصرِ حاضر میں مولانا حامد سراج مدنی کی تصنیف ’’آخری نبی کی پیاری سیرت‘‘ کو جو غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی، وہ کم ہی کتابوں کے حصے میں آئی ہے۔ اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک اس کا ترجمہ بارہ سے زائد زبانوں میں ہو چکا ہے۔ مزید برآں، پڑوسی ملک میں کتبِ سیرت کے میدان میں اس کتاب کو باقاعدہ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، جو اس کی علمی افادیت، حسنِ اسلوب اور عوامی پذیرائی کا واضح ثبوت ہے۔

تصنیفی پسِ منظر اور اسلوبِ ترتیب

سیرتِ طیبہ کی اہمیت و ضرورت کے پیشِ نظر دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران، حضرت مولانا حاجی محمد عمران عطاری صاحب نے المدینۃ العلمیہ (Islamic Research Center) سے خواہش ظاہر فرمائی کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی سیرتِ مبارکہ پر ایک ایسی مختصر، آسان اور عام فہم کتاب مرتب کی جائے، جو بالخصوص بچوں، نوجوانوں اور طلبہ کے لیے مفید ہو۔ چنانچہ آپ نے ابتدائی صفحات پر خود کام کا آغاز فرمایا، پھر اس کی تکمیل المدینۃ العلمیہ کے سپرد کر دی۔ اسی دوران نگرانِ المدینۃ العلمیہ، رکنِ شوریٰ مولانا شاہد عطاری مدنی صاحب نے سیرتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم پر تحقیقی و تصنیفی کام کے لیے شعبۂ سیرتِ مصطفیٰ قائم فرمایا۔ اسی شعبے کے تحت مختصر مدت میں یہ کتاب مرتب ہوئی، جس کی ترتیب و تدوین کی سعادت مولانا محمد حامد سراج مدنی عطاری (ذمہ دار شعبۂ سیرتِ مصطفیٰ) کو حاصل ہوئی۔

کتاب کے اسلوب و ترتیب کی اہم خصوصیات درج ذیل ہیں:
سادہ اور سلیس زبان: کتاب کو آسان، عام فہم اور سادہ اسلوب میں مرتب کیا گیا ہے تاکہ ہر طبقے کے قارئین، خصوصاً بچوں اور طلبہ کے لیے مطالعہ سہل ہو۔ مسودہ فائنل ہونے کے بعد عام شخص سے پڑھوا کر مشکل الفاظ اور جملوں کو آسان اردو میں تبدیل کیا گیا۔
اختصار و جامعیت: غیر ضروری تفصیلات سے اجتناب کرتے ہوئے سیرت کے اہم واقعات کو مختصر اور دل نشیں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
آیات و احادیث کا اہتمام: قرآنی آیات ترجمہ (کنز الایمان / کنز العرفان) و حوالہ کے ساتھ درج کی گئی ہیں اور احادیثِ مبارکہ کی مکمل تخریج کا اہتمام کیا گیا ہے۔
تصاویر و نقشے: مختلف مقامات کی تصاویر اور اہم غزوات کے نقشے شامل کیے گئے ہیں تاکہ مطالعہ مزید دلچسپ بن سکے۔
شمائل و خصائل: آپ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے شمائل، زیرِ استعمال اشیاء اور شانِ مصطفیٰ سے متعلق منتخب احادیث و آیات شامل ہیں۔
حیاتِ مصطفیٰ ایک نظر میں: کتاب کے آخر میں حیاتِ مبارکہ کا اجمالی خاکہ پیش کیا گیا ہے۔

شمولی خاکہ اور کتاب کا اعزاز

کتاب ’’آخری نبی کی پیاری سیرت‘‘ کو کل تیرہ (۱۳) ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی ولادت، بچپن، لڑکپن، جوانی، وحی و تبلیغ کے مراحل، مظالمِ کفار و ہجرتِ حبشہ، بائیکاٹ و عام الحزن، ہجرت تا صلحِ حدیبیہ، بعد از حدیبیہ تا رحلتِ شریف، شمائل و فضائل اور خاندان و متعلقینِ مصطفیٰ کا تفصیلی و مرتب ذکر موجود ہے۔

کتاب کا اعزاز و مقبولیت:
اس کتاب نے وفاقی وزارتِ مذہبی امور (پاکستان) کی جانب سے کتبِ سیرت کے مقابلے میں پہلا انعام حاصل کیا ہے۔ اردو زبان میں اب تک اس کی تقریباً ایک لاکھ سے زائد کاپیاں شائع ہو چکی ہیں۔ ہندی، سندھی، پشتو، انگریزی اور ترکش زبانوں میں اس کے تراجم ہو چکے ہیں، جبکہ عربی ترجمہ معروف بین الاقوامی اشاعتی ادارے ”دارالکتب العلمیہ (بیروت)“ سے شائع ہو چکا ہے۔

تبصرہ نگار کی رائے اور تاثر

دو سال قبل مدینۂ منورہ کے مبارک سفر کے دوران میں نے اس کتاب کو اپنا رفیقِ سفر بنایا اور مکۂ مکرمہ و مدینۂ منورہ کی روح پرور فضاؤں میں اس کا مکمل مطالعہ کیا۔ ذاتی طور پر یہ کتاب مجھے بے حد پسند آئی۔ مختصر، آسان اور سلیس زبان، عمدہ ترتیب اور جامع اسلوب کے اعتبار سے سیرتِ طیبہ پر اس جیسی کتاب بہت کم دیکھنے میں آئی ہے۔

اسی لیے جب بھی کوئی مجھ سے سیرتِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے مطالعے کے لیے کسی کتاب کی سفارش طلب کرتا ہے تو سب سے پہلے اسی کتاب کا نام لیتا ہوں۔ بالخصوص حجاج کرام اور زائرینِ مدینہ کو اپنے مقدس سفر کے دوران اس کے مطالعے کا مشورہ دیتا ہوں، کیونکہ اس سے نہ صرف سیرتِ طیبہ کی بہتر معرفت حاصل ہوتی ہے بلکہ حرمین شریفین کے روحانی ماحول میں یہ مطالعہ سفر کو مزید بامقصد، پُرکیف اور یادگار بنا دیتا ہے۔

جدید تر اس سے پرانی
Advertisement
Advertisement
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!