روزہ: قلب و قالب کی تطہیر کا الہامی دستور

روزہ: قلب و قالب کی تطہیر کا الہامی دستور
عنوان: روزہ: قلب و قالب کی تطہیر کا الہامی دستور
تحریر: محمدثاقب نظامی

روحانی اور جسمانی صحت کا جامع نظام

روزہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسان کے لیے ایسا عظیم تحفہ ہے جو نہ صرف اس کے روحانی ارتقاء کا ذریعہ ہے بلکہ جسمانی اور ذہنی صحت کا بھی مکمل اور قدرتی نظام ہے۔ غور کیا جائے تو انسان کی زندگی جسم اور روح کا حسین امتزاج ہے۔ جسم اگر بیمار ہو تو روحانی عبادات کا لطف باقی نہیں رہتا اور روح اگر آلودہ ہو جائے تو جسمانی صحت بے کار ہو جاتی ہے۔ اسلام نے انسان کی دونوں حیثیتوں کی اصلاح کے لیے جو جامع نظام پیش کیا ہے، اس میں روزہ کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ روزہ بظاہر ایک سادہ سی عبادت ہے کہ انسان صبح سے شام تک کھانے پینے اور بعض دیگر کاموں سے رک جائے، مگر حقیقت میں روزہ انسان کی فطرت اور اس کے ظاہر و باطن کی پاکیزگی کا ایک عظیم ترین نظام ہے، جس کے بے شمار جسمانی، روحانی، اخلاقی اور نفسیاتی فوائد ہیں جنہیں جدید سائنس اور طب نے بھی تسلیم کیا ہے۔

دل کی کارکردگی اور روزے کے اثرات

روزہ ایک ایسا نظام ہے جو دل کو راحت پہنچاتا ہے۔ دل انسان کے وجود کا سب سے نازک اور اہم عضو ہے جو مسلسل خون کی گردش میں مصروف رہتا ہے اور بدن کے ہر حصے تک خون کی فراہمی اس کی ذمہ داری ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ جو چیز مسلسل کام کرتی رہے اگر اسے آرام نہ دیا جائے تو وہ کمزور ہو جاتی ہے اور اس کی قوت گھٹنے لگتی ہے۔ روزہ دل کے لیے ایسا ہی وقفہ فراہم کرتا ہے۔ کیونکہ روزے کی حالت میں انسان محدود کھاتا ہے، زیادہ آرام کرتا ہے، اور اپنی خواہشاتِ نفس کو قابو میں رکھتا ہے، اس طرح دل پر پڑنے والا دباؤ کم ہو جاتا ہے۔ روزہ دل کو اس کی مسلسل مشقت سے وقتی طور پر آزاد کر کے اس کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے اور دل کے امراض جیسے بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور دل کی گھٹن کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔ روزے کی حالت میں انسانی خون کی روانی اور اس کا دباؤ اعتدال پر آ جاتا ہے، جس سے دل کے افعال مزید فعال اور طاقتور ہو جاتے ہیں۔

خون کی تطہیر کا فطری نسخہ

اسی طرح خون انسانی زندگی کی بنیاد ہے، مگر ہماری مسلسل اور بلاوقفہ خوراک، چکنائی، فاسد مادے، کثرتِ طعام، اور بے اعتدالی کی وجہ سے خون اکثر آلودہ ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں طرح طرح کی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ روزہ خون کے اس نظام کو درست کرتا ہے۔ ایک مہینے کے روزے انسانی خون کی تطہیر کا فطری نسخہ ہیں۔ روزہ کی حالت میں جسم کے وہ تمام خلیے جو مسلسل کام کر رہے ہوتے ہیں، انہیں ایک مہلت مل جاتی ہے اور جسم کے اندر موجود بون میرو (ہڈیوں کے گودے) کو نئی توانائی حاصل ہوتی ہے، جس کے ذریعے صاف اور صحت مند خون پیدا ہوتا ہے۔ روزے کی وجہ سے خون میں موجود فاسد اجزاء آہستہ آہستہ تحلیل ہو کر جسم سے خارج ہو جاتے ہیں اور خون کی روانی میں نئی تازگی پیدا ہوتی ہے۔ ماہرینِ طب کے مطابق روزہ جسم کے اندر جمع شدہ چکنائی (Fat) اور زہریلے مادوں (Toxins) کو گھلا دیتا ہے، اور خون پتلا ہو جاتا ہے جس سے دل و دماغ تک آکسیجن کی رسائی بہتر ہو جاتی ہے۔

معدہ کی مرمت اور نئی توانائی

معدہ انسانی جسم کی سب سے بڑی تجربہ گاہ ہے، جو دن رات بغیر رکے کام کرتا رہتا ہے۔ ہم دن میں تین وقت اور بے شمار مرتبہ کھانے پینے کی عادت کے باعث اپنے معدہ کو تھکاتے رہتے ہیں۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ہاضم رطوبتوں میں کمی آتی ہے، معدہ سُست ہو جاتا ہے، اور سینے کی جلن، قبض، گیس، السر جیسی مہلک بیماریاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ روزہ ایک ایسا مہربان نظام ہے جو معدہ کو مکمل آرام عطا کرتا ہے۔ پورا دن معدہ کو کسی نئی غذا کو ہضم کرنے کی مشقت نہیں کرنی پڑتی، جس کے باعث وہ اپنے خلیوں کی مرمت (Repair) اور نئی نشوونما (Regeneration) میں مشغول ہو جاتا ہے۔ ماہرینِ طب اس بات پر متفق ہیں کہ روزے کے ذریعے معدہ کے افعال نہ صرف بحال ہو جاتے ہیں بلکہ اس کے اندر ایک نئی توانائی بھی پیدا ہو جاتی ہے جو اگلے کئی مہینوں تک جسم کے لیے قوت کا ذریعہ بنتی ہے۔

آنتوں کی صفائی اور بیماریوں سے نجات

آنتیں جو انسانی نظامِ انہضام کا دوسرا اہم حصہ ہیں، وہ بھی ہماری غذائی بداحتیاطی کے باعث اکثر فاسد مادوں سے بھر جاتی ہیں، جن سے خطرناک بیماریاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ روزے کا یہ کمال ہے کہ وہ آنتوں کی مکمل صفائی کا موقع فراہم کرتا ہے۔ روزے کی حالت میں آنتیں اپنی حرکت کو محدود کر لیتی ہیں اور انہیں نئے کھانے کو ہضم کرنے کا بوجھ نہیں اٹھانا پڑتا۔ اس سکون کے نتیجے میں وہ آہستہ آہستہ اپنے اندر موجود فاسد اور باسی مادے خارج کرتی ہیں، اور جب افطار ہوتا ہے تو آنتیں مکمل طور پر صاف اور تروتازہ ہو چکی ہوتی ہیں۔ اس عمل سے قبض، گیس، اور السر جیسی بیماریوں سے نجات ملتی ہے۔

جگر کو راحت اور نئی قوت

جگر کو انسانی جسم کی سب سے بڑی لیبارٹری قرار دیا جاتا ہے جو خون کی تطہیر، ہاضم رطوبات کی تیاری، اور دیگر اہم کیمیائی اجزاء پیدا کرنے کا ذمہ دار ہے۔ جگر بھی ہر وقت مسلسل کام کر رہا ہوتا ہے، اور جب جسم مسلسل کھانے پینے میں مصروف ہو تو جگر کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ روزہ جگر کو ایک ایسا سکون عطا کرتا ہے جو سال بھر کی مشقت کے بعد اس کے لیے راحت کا باعث بنتا ہے۔ روزہ کی حالت میں چونکہ کھانے پینے کی مقدار محدود ہو جاتی ہے، اس لیے جگر کو اپنے عمل کے لیے اضافی توانائی ملتی ہے، اور وہ بہتر انداز میں خون کی تطہیر کر کے جسم کو تندرست اور طاقتور بناتا ہے۔

اعصاب اور دماغ کا سکون

اعصاب اور دماغ انسانی وجود کا وہ لطیف نظام ہیں جن پر انسان کی تمام حرکات و سکنات کا انحصار ہے۔ روزہ انسان کے ان اعصابی نظام کو بھی سکون عطا کرتا ہے۔ روزے کی حالت میں انسان خواہشاتِ نفس پر قابو پانے کی مشق کرتا ہے، اپنے غصے کو ضبط کرتا ہے، اپنے افکار کو منظم کرتا ہے، اور اپنے جذبات کو اعتدال پر رکھتا ہے۔ اس عمل سے اعصاب کو ایک نئی قوت، ایک نیا سکون اور ایک نئی روشنی نصیب ہوتی ہے۔ جدید سائنس کہتی ہے کہ جو شخص خواہشات پر قابو رکھے، اس کا دماغ زیادہ متوازن اور اس کے اعصاب زیادہ مضبوط ہوتے ہیں۔ روزہ ہمیں یہی سکھاتا ہے کہ ہم اپنی فطری خواہشات کو اللہ کی رضا کے تابع کر کے ایک مضبوط ارادے اور قوی نفس کے حامل بن جائیں۔

فطری صفائی اور شفا کا عمل

روزہ کے آخری پہر میں جو وقتی کمزوری محسوس ہوتی ہے، وہ دراصل جسم کی فطری صفائی کا عمل ہے۔ جسم کے اندر جو فاسد مادے مہینوں سے جمع ہو چکے ہوتے ہیں، وہ روزے کی حالت میں خون میں شامل ہو کر تحلیل ہونے لگتے ہیں۔ اسی لیے بعض اوقات روزے دار کو شام کے وقت سر چکرانے، کمزوری، یا جسم میں بوجھ محسوس ہوتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ جسم کی صفائی اور شفا کا عمل ہے جو اگلے کئی مہینوں کی صحت کی ضمانت بن جاتا ہے۔

تقویٰ اور معجزاتی نظامِ صحت

الغرض روزہ نہ صرف روحانی عبادت ہے بلکہ ایک مکمل نظامِ صحت ہے جو دل، جگر، معدہ، آنتوں، خون، اعصاب اور دماغ سب کو ایک نئی زندگی بخشتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن مجید نے روزہ کے فرض ہونے کا سبب یوں بیان کیا: "لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ" یعنی تاکہ تم متقی بنو، اور تقویٰ وہ صفت ہے جو انسان کے ظاہر و باطن، دل و دماغ، جسم و روح ہر چیز کو پاک و صاف کر دیتی ہے۔ بلاشبہ روزہ ایک ایسا معجزاتی نظام ہے جو انسان کو گناہوں کی آلودگی سے بھی بچاتا ہے اور جسمانی بیماریوں کی گندگی سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

جدید تر اس سے پرانی
Advertisement
Advertisement
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!