دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

مشہور نہیں مقبول بنیں

عنوان: مشہور نہیں مقبول بنیں
تحریر: مفتیہ اُم ہانی امجدی
پیش کش: مجلس القلم الماتریدی انٹرنیشنل اکیڈمی، مرادآباد

آج کا دور شہرت کا دور ہے۔ ہر کوئی چاہتا ہے کہ لوگ اسے جانیں، پہچانیں، اس کا نام زبان زدِ عام ہو۔ سوشل میڈیا نے اس خواہش کو اور ہوا دی ہے۔ لاکھوں فالورز، ہزاروں لائکس اور شیئرز انسان کو یہ دھوکہ دیتے ہیں کہ وہ "کامیاب" ہو گیا۔ لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ شہرت اور مقبولیت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ مشہور ہونا آسان ہے، مگر مقبول ہونا بہت مشکل۔ شہرت لمحاتی ہوتی ہے، مقبولیت دائمی اثر رکھتی ہے۔

شہرت کیا ہے؟

شہرت کا مطلب ہے: کہ لوگ آپ کو جانتے ہوں، چاہے کسی بھی وجہ سے جانیں۔ کئی لوگ برائی کی وجہ سے مشہور ہو جاتے ہیں، لیکن کیا ایسی شہرت قابلِ رشک ہے؟ ہرگز نہیں! شہرت صرف نام کا پھیلاؤ ہے، چاہے اس کے پیچھے کردار کھوکھلا ہو، نیت میں فتور ہو، یا عمل قابلِ مذمت ہو۔

مقبولیت کیا ہے؟

مقبولیت دلوں میں جگہ بنانے کا نام ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں لوگ آپ سے محبت کرتے ہیں، آپ پر اعتماد کرتے ہیں، آپ کی بات سنتے ہیں اور آپ کی عزت کرتے ہیں۔ مقبولیت کا دائرہ صرف دنیا تک محدود نہیں رہتا بلکہ آخرت میں بھی کامیابی کا زینہ بنتی ہے۔ مقبول شخص کا ذکر خیر ہوتا ہے، اس کی دعائیں قبول ہوتیں ہیں اور اس کا نام ہمیشہ عزت سے لیا جاتا ہے۔

شہرت اور مقبولیت کا فرق

شہرت کمالِ فن یا انوکھے کارنامے سے ملتی ہے، لیکن مقبولیت اخلاق، اخلاص اور سچائی سے نصیب ہوتی ہے۔ مشہور شخص وقتی طور پر سرخیوں میں ہوتا ہے، جبکہ مقبول شخص ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتا ہے۔ شہرت میڈیا دیتی ہے، مقبولیت اللہ دیتا ہے۔

کیسے مقبول بنیں؟

نیت خالص کریں، اللہ کی رضا کو مقصد بنائیں، لوگوں کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آئیں۔

سچ بولیں، حق کا ساتھ دیں، منافقت سے بچیں، اپنے علم و عمل سے فائدہ پہنچائیں۔

دکھاوا چھوڑیں اور کام کا معیار بلند کریں۔ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ دلوں میں جگہ عطا فرمائے۔

یاد رکھیں!

وہ شہرت جس کے پیچھے اخلاص نہ ہو، وہ عارضی ہے اور زوال اس کا مقدر ہے۔ لیکن جو مقبولیت اللہ کی عطا ہو، وہ کبھی ختم نہیں ہوتی۔ دنیا کے اس ہجوم میں اپنا آپ منوانا چاہتے ہو تو مشہور نہ بنو، مقبول بنو… کیونکہ شہرت لوگوں کی زبانوں پر ہوتی ہے، اور مقبولیت لوگوں کے دلوں میں۔

اللہ ہمیں اخلاص کے ساتھ مقبول بنائے، شہرت کے فتنے سے محفوظ رکھے۔ آمین

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں۔