عنوان: | مقام غوثیت کی اجمالی معرفت |
---|---|
تحریر: | مفتی شہباز انور برکاتی مصباحی |
غوث اعظم سیدنا شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہ کے مقام و مرتبے کی حقیقی معرفت ہمارے بس میں نہیں، ما و شما تو کس گنتی میں، یہاں تو بڑے سے بڑے امام و مقتدا بھی خود کو عاجز سمجھتے ہیں اور اعلیٰ حضرت کی زبانی یہ کہتے ہوئے نظر آتے ہیں:
سر بھلا کیا کوئی جانے کہ ہے کیسا تیرا
اولیا ملتے ہیں آنکھیں وہ ہے تلوا تیرا
کوئی کیا جانے تیرے سر کا رتبہ
کہ تلوا تاجِ اہلِ دل ہے یا غوث
البتہ اجمالی تعارف و معرفت کے طور پر امت کے علماے کرام نے ہمیں یہ سکھایا ہے کہ سب سے افضل و اعلیٰ مقام الوہیت و ربوبیت ہے یعنی اللہ خالق و مالک حقیقی عزوجل کا مقام سب ارفع و اعلیٰ ہے، پھر مقام نبوت افضل ہے جس میں تمام رسولان انس و ملک اور انبیائے کرام علیہم السلام اللہ قادر مطلق عزوجل کے دیے ہوئے مراتب کے مطابق ایک دوسرے سے افضل ہیں اور ان میں ہمارے نبی کریم علیہ الصلاۃ والتسلیم سب سے افضل ہیں، پھر ان کے بعد سب سے افضل صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین ہیں، صحابۂ کرام بھی حسب عطیہ الہی ایک دوسرے سے افضل ہیں۔
پھر مقام صحابیت کے بعد مقام تابعیت ہے اور تابعین کرام بھی حسب حال ایک دوسرے سے افضل ہیں اور پھر اگلا مقام مقام غوثیت ہے اور اس مقام میں سب سے افضل غوث اعظم سیدنا شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہ ہیں بلکہ ہزاروں تابعین سے غوث اعظم رضی اللہ عنہ افضل ہیں، بس تابعیت کا منصب مجملاً اعلیٰ و افضل ہے چنانچہ امام اہل سنت اعلیٰ حضرت مجدد دین و ملت مولانا شاہ احمد رضا خان قادری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
الوہیت ہی احمد نے نہ پائی
نبوت ہی سے تو عاطل ہے یا غوث
صحابیت ہوئی پھر تابعیت
بس آگے قادری منزل ہے یا غوث
ہزاروں تابعی سے تو فزوں ہے
وہ طبقہ مجملاً فاضل ہے یا غوث
مقام تابعیت کے بعد مقامات ولایت میں کسی شیخ و عارف کا مقام غوث اعظم سے بڑھ کر نہیں خواہ وہ اولیائے سابقین ہوں یا اولیائے لاحقین سب پر غوث اعظم کی فضیلت مسلم ہے۔ اعلیٰ حضرت فرماتے ہیں:
رہا میدان و شہرستانِ عرفان
ترا رمنا تری محفل ہے یا غوث
مشایخ میں کسی کی تجھ پہ تفضیل
بحکمِ اولیا باطل ہے یا غوث
اور ایک مقام پر ارشاد فرماتے ہیں:
تو ہے وہ غوث کہ ہر غوث ہے شیدا تیرا
تو ہے وہ غیث کہ ہر غیث ہے پیاسا تیرا
جو ولی قبل تھے یا بعد ہوئے یا ہوں گے
سب ادب رکھتے ہیں دل میں مرے آقا تیرا
تجھ سے اور دہر کے اقطاب سے نسبت کیسی
قطب خود کون ہے خادم ترا چیلا تیرا
تاجِ فرقِ عرفا کس کے قدم کو کہیے!
سر جسے باج دیں وہ پاؤں ہے کس کا تیرا
امام اہل سنت سیدی سرکار اعلیٰ حضرت رضی اللہ عنہ نے سرکار غوثیت میں جو منقبتیں لکھی ہیں انہیں پڑھیے ان شاء اللہ تعالیٰ غوث اعظم کی محبت و معرفت میں اضافہ ہوگا۔