کیا آپ کا مضمون ابھی تک شائع نہیں ہوا؟ نیچے واٹس ایپ بٹن سے میسج کرکے اطلاع فرمائیں!
دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...
مضمون نگار
موضوعات
کل مضامین
بولتے مضامین

رمضان المبارک کی تیاریاں آپ بھی کر لیں

رمضان المبارک کی تیاریاں آپ بھی کر لیں!
عنوان: رمضان المبارک کی تیاریاں آپ بھی کر لیں!
تحریر: محمد شفیع احمد عطاری رضوی

ماہِ سبحان، بالیقین ماہِ غفران اور ہم سب کے لیے بن کر خصوصی مہمان، یعنی کہ آ رہا ہے ماہِ رمضان۔ ہر کوئی رمضان المبارک کی تیاری تو ضرور کرتا ہوا نظر آتا ہے لیکن فقط دنیوی اعتبار سے تیاری، یعنی کہ کھانا کیسا ہو، افطاری میں کیا کیا ہو اور کپڑا کس طرح کا لینا ہے وغیرہ۔

ذی احترام قارئین! ویسے آپ جانتے ہی ہوں گے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں اللہ تعالیٰ سرکش شیاطین کو قید کر دیتا ہے، جہنم کے دروازے بند اور جنت کے ابواب کھول دیتا ہے۔ مسلمان کے لیے یہ مہینہ بالخصوص نیکیاں کمانے کا سیزن ہوا کرتا ہے۔ دانشمندی اور ذی شعوری یہی ہے کہ جب جس چیز کا سیزن چل رہا ہو، اس سیزن میں، اس اہم موقع پر وہی کام کیا جائے جو اس سیزن میں کیا جاتا ہے۔ چونکہ رمضان المبارک کا ذی سعادت مہینہ نیکیاں اکٹھا کرنے کا مہینہ ہے، اپنے گناہوں کی بخشش کروانے کا مہینہ ہے، اپنے لیے جہنم سے دوری اور جنت میں حضوری کا مہینہ ہے۔

اب غور طلب اور تدبر و تفکر طلب بات یہ ہے کہ ہم نے اس مہمانِ خصوصی، اہم موقع اور اہم سیزن کے لیے کیا کیا تیاریاں کی ہیں؟ اگر آپ نے تیاری کر لی ہے تو ماشاء اللہ، اور اگر ابھی تک آپ کی استعداد مکمل نہیں ہو پائی ہے تو کم سے کم رمضان المبارک کی آمد سے ایک یا دو دن قبل اپنی تیاریاں اس حوالے سے مکمل فرما لیں کہ نیکیاں جمع کیسے کرنی ہیں؟ صحابہ کرام علیہم الرضوان شعبان المعظم سے ہی اپنی تیاریاں مکمل فرما لیا کرتے تھے، تلاوتِ قرآنِ پاک بڑھا دیا کرتے، قرضے ادا کر دیا کرتے تھے اور جو کچھ بھی اپنی مصروفیات ہوتی تھیں سب ختم کر کے اپنے آپ کو مکمل طور پر رمضان المبارک کے لیے تیار کر لیا کرتے تھے۔

اب آئیے! ذیل میں چند ایسے امور صفحۂ قرطاس پر نوکِ قلم کیے جاتے ہیں جس کے ذریعے سے رمضان المبارک میں نیکیاں جمع کرنے سے متعلق قریباً ہماری تیاریاں مکمل ہو جائیں گی۔

  1. سب سے پہلے اپنا جدول سیٹ کر لیں: اولاً: جو کچھ کرنا چاہتے ہیں اس کا مکمل جدول (Schedule) سیٹ کر لیں، کیونکہ زندگی بے جدول ایسی ہی ہے جیسا کہ انسان بغیر کھانے کے۔ ثانیاً: پھر اپنا کام جدول پر عمل کرتے ہوئے گزاریں تو ان شاء اللہ الکریم کام بھی بروقت ہوگا اور وقت میں بے شمار برکتیں بھی۔ ہفتے میں ایک دن بغیر سوشل میڈیا کے: رمضان المبارک میں اس بات پر بھی عمل کرنے کی سعی کریں کہ ایک دن بغیر سوشل میڈیا کا استعمال کیے ہوئے گزرے۔ یہ کر کے دیکھیں مزے کو مزہ آ جائے گا۔ اگر یقین نہ ہو تو آزما کے دیکھ لیں۔
  2. روزانہ کم از کم 1 پارہ تلاوتِ قرآن کریں: اس کی مختلف صورتیں ہو سکتی ہیں۔ ایک صورت یہ بھی ہے کہ ہر نماز کے بعد حفظ والے قرآنِ کریم کے 2 صفحات تلاوت کر لیے جائیں تو بآسانی ایک پارہ مکمل کیا جا سکتا ہے۔ اور یوں ایک ماہ میں پورا قرآنِ کریم مکمل کیا جا سکتا ہے۔
  3. روزانہ 1200 مرتبہ درودِ پاک پڑھیں: یونہی درود شریف کا بھی جدول سیٹ کیا جا سکتا ہے کہ جب نماز کے لیے جائیں تو درود شریف پڑھتے ہوئے اور واپس ہوں تو درود شریف پڑھتے ہوئے۔ البتہ ایک اہم بات یاد رکھیں کہ کم از کم 313 بار درود شریف بالکل تیار ہو کر، با متوجہ اور گنبدِ خضریٰ کا تصور باندھ کر پڑھ لیں۔ امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ کی جانب سے ملا یہ عظیم الشان ہدف پورا کرنے کی کوشش کریں۔
  4. کسی دینی کتاب کا ضرور مطالعہ کریں: ان دنوں ہمارے پاس کافی وقت ہوا کرتا ہے۔ لہذا عقلمندی اسی میں ہے کہ ان خالی وقتوں کا اچھا اور مثبت استعمال کیا جائے، جس کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ ان میں کتبِ دینیہ مفیدہ کا مطالعہ کیا جائے۔ روزانہ کم از کم 5 صفحات ضرور مطالعہ کرنے کی سعی کریں۔
  5. روزانہ ایک حدیثِ پاک یاد کریں: اس رمضان المبارک کو اس طور پر بھی گزارا جا سکتا ہے کہ ہر روز کوئی ایک حدیثِ پاک بحوالہ یاد کی جائے۔ عصرِ حاضر کا بھی یہی تقاضا ہے کہ احادیثِ کریمہ کو یاد کرنے، اس پر عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی جائے۔
  6. روزانہ ایک دعا بھی یاد کریں: ہو سکے تو اس رمضان المبارک میں روزانہ وہ دعائیں جو قرآن و حدیث میں وارد ہوئی ہیں یاد کرنے کی کوشش کریں۔ اگر آپ ایک دعا بھی روزانہ یاد کرتے ہیں تو پورے رمضان المبارک میں قریباً 30 دعاؤں کا ذخیرہ ہو جائے گا۔
  7. دوسروں کو بھی سحر و افطار کروائیں: اگر اللہ پاک نے آپ کو صاحبِ ثروت بنایا ہے تو اپنے مال و دولت سے روزانہ کسی کو سحر و افطار کی دعوت دیں یا صرف سحر یا فقط افطار کی ہی دعوت دے دیں۔ احادیثِ کریمہ میں اس کے متعدد فضائل بیان کیے گئے ہیں۔ جسے طلب ہو وہ کتبِ احادیث کا بنظرِ غور مطالعہ فرمائیں۔
  8. آپ سے کوئی گناہ سرزد نہ ہونے پائے! رمضان المبارک کے مہینے میں جس طرح نیک اعمال کا ثواب بڑھا دیا جاتا ہے یونہی اس مبارک مہینے میں گناہوں کی مقدار (یا وبال) میں بھی اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ جیسے عام دنوں میں ایک گناہ ایک ہی گناہ ہوتا ہے لیکن اس مہینے میں ایک گناہ ستر گناہوں کے برابر ہو جاتا ہے۔ لہذا اس با سعادت مہینے میں بالخصوص گناہوں سے بچیں۔
  9. سحر و افطار میں اپنے رب سے دعائیں ضرور کریں: عام طور سے ہمارے یہاں جب سحر کا وقت ہو جاتا ہے تو ہم سحری مزے سے کرتے ہیں۔ لیکن دیکھا یہی جاتا ہے کہ ہم وقتِ سحر گاہی میں ان دنوں میں بھی اپنے ربِ کریم سے دعا کا کوئی خاص اہتمام نہیں کر پاتے۔ اسی طرح افطاری کے وقت جاں بلب والی کیفیت لگ رہی ہوتی ہے، نہ ہم دعا کرتے ہیں نہ قبلِ افطاری کھانے کی دعا پڑھتے ہیں اور یوں جلدی جلدی افطار شروع کر دیتے ہیں۔ افطار ضرور کریں، لیکن اس سے چند منٹ قبل اپنے کریم رب سے دعا بھی ضرور کریں۔
  10. روزانہ تہجد، اشراق و چاشت کی نماز بھی ادا کریں: عام دنوں میں تہجد کے لیے اٹھنا نفس پر کافی گراں گزرنے کی وجہ سے ہم نمازِ تہجد نہیں ادا کر پاتے، لیکن اب تو اس وقت میں سحری کے لیے تو اٹھنا ہی ہے، اس وقت کو غنیمت جانیں اور قبل یا بعد از سحری نمازِ تہجد کا بھی ضرور اہتمام کریں اور اپنے خداوندِ متعال سے دعا بھی کریں۔
  11. ہر وہ کام کریں جس سے رب راضی ہو: ہر وہ کام کریں جس سے ربِ کریم اور نبی رحیم صلی اللہ علیہ والہ وسلم راضی ہوں۔ یاد رکھیں! کیا خبر کہ اگلے سال ماہِ غفران نصیب بھی ہو کہ نہیں۔ لہذا جو کچھ نیکیاں جمع کرنا ہوں اس مبارک مہینے میں ہی کر لیں۔

ذی شرف و ذی فضل قارئین!

ماہِ رمضان المبارک آنے والا ہے، آپ بھی اگر ماہِ سبحان و غفران کو اچھے، مثبت اور نیکیوں بھرے بنانے کی طمع و خواہش رکھتے ہیں تو ماقبل مذکور امور پر عمل کرنے کی سعی کریں، ان شاء اللہ الکریم رمضان المبارک کا مہینہ نیکیوں بھرا ہو جائے گا۔ پیارے! اپنے رب کو راضی کرنے میں لگ جائیں! کیا خبر اس مختصر سی زندگی کی۔

مختصر سی زندگی ہے بھائیو!
نیکیاں کیجیے، نہ غفلت کیجیے

اس رمضان المبارک کو یادگار رمضان بنانے کے لیے مزید جو جو طریقے آپ کو اچھے لگیں وہ بھی ضرور بجا لائیں۔ اللہ پاک ہمیں رمضان المبارک میں خوب نیکیاں کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ علمِ نافع اور عملِ صالح کی توفیقِ با عافیت عطا فرمائے۔ آمین بجاہِ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ والہ وسلم۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!