| عنوان: | زکات کے بارے میں ایک اہم وضاحت |
|---|---|
| تحریر: | مفتی وسیم اکرم رضوی مصباحی، ٹٹلا گڑھ، اڈیشہ |
اکثر لوگ یہ سوال کرتے ہیں: میرے پاس کچھ مال ہے لیکن اس پر سال نہیں گزرا، کیا اس کی بھی زکوٰۃ دینی ہوگی؟
مختصر اور واضح طریقے سے مسئلہ سمجھ لیں:
- زکوٰۃ فرض کب ہوتی ہے؟
جب کوئی شخص چاند کی تاریخ کے مطابق پہلی مرتبہ مالکِ نصاب بن جائے۔ نصاب تقریباً 653 گرام 184 ملی گرام چاندی یا اس کی مالیت کے برابر مال ہے۔ اس دن کی قمری تاریخ یاد رکھیں یا نوٹ کر لیں۔ (چاند کی ہی تاریخ کا اعتبار ہے، شمسی تاریخ کا اعتبار نہیں)
- ایک سال بعد کیا دیکھنا ہے؟
اگلے سال اسی قمری تاریخ کو دیکھیں:
- اگر آپ مالکِ نصاب ہیں ➜ تو اپنے پورے موجودہ مال کا 2.5٪ زکوٰۃ دیں۔
- اگر مالک نصاب نہیں ہیں ➜ تو اس سال زکوٰۃ واجب نہیں۔
- سال کے درمیان مال کم یا زیادہ ہونے کا حکم:
سال کے دوران مال کم یا زیادہ ہوتا رہے تو اس کا اعتبار نہیں۔ اعتبار صرف سال پورا ہونے والے دن کا ہے۔
- ایک اہم مثال:
ایک شخص 12 ربیع الاول کو مالک نصاب بنا۔ سال بھر اس کے پاس تھوڑا بہت مال رہا۔ لیکن ٹھیک ایک سال مکمل ہونے سے ایک دن پہلے 11 ربیع الاول کو اسے 50 لاکھ روپے مل گئے۔ اب جب 12 ربیع الاول آئے گا تو اس کے پاس جتنا مال موجود ہوگا پورے مال کی زکوٰۃ دینا واجب ہوگا، حالانکہ کہ 50 لاکھ آئے ہوئے صرف ایک دن ہوا ہے، وجہ وہی کہ زکاۃ میں مالک نصاب ہونے کی تاریخ کا اعتبار ہے۔
- اصل اصول یاد رکھیں
زکوٰۃ میں مال پر سال گزرنا شرط نہیں بلکہ مالکِ نصاب ہونے پر سال گزرنا شرط ہے۔
- زکوٰۃ صرف رمضان میں فرض نہیں ہوتی
جس مہینے میں آپ مالک نصاب بنے تھے، اگلے سال اسی قمری تاریخ کو زکوٰۃ واجب ہوگی۔ اگر وہ تاریخ رمضان میں ہو تو رمضان میں ادا ہوگی، ورنہ کسی اور مہینے میں۔
- نصاب کی پہلی تاریخ یاد رکھنا ضروری ہے
زندگی میں پہلی مرتبہ جس دن مالک نصاب بنے تھے، اسی تاریخ کے اعتبار سے ہر سال زکوٰۃ نکالی جائے گی، جب تک نصاب کی تاریخ ختم نہ ہو جائے۔
- کب نصاب کی تاریخ ختم ہو جاتی ہے؟
مثال سے سمجھیں:
فرض کریں ایک شخص 12 ربیع الاول کو مالکِ نصاب بنا۔ اب اگر سال پورا ہونے سے پہلے اس کا سارا مال ختم ہو جائے، یا اتنا قرض ہو جائے کہ قرض ادا کرنے کی صورت میں سارا مال ختم ہو جائے، تو اس کی نصاب کی پہلی تاریخ ختم ہو جائے گی۔
اسی طرح اگر سال پورا ہونے کے وقت (مثلاً اگلے سال 12 ربیع الاول کو) اس کے پاس نصاب کی مقدار باقی نہ رہے اگرچہ پورا مال ختم نہ ہوا ہو تو بھی پہلی تاریخ ختم ہو جائے گی۔
البتہ اگر سال کے دوران مال میں کمی بیشی ہوتی رہے لیکن مال بالکل ختم نہ ہو تو اس سے نصاب کی تاریخ نہیں بدلتی۔
مذکورہ وضاحت کے اعتبار سے ایک مرتبہ تاریخ ختم ہو گئی تو پھر جب وہ دوبارہ مالکِ نصاب بنے گا تو اسی دن سے زکوٰۃ کے سال کی نئی تاریخ شمار ہوگی۔
- اگر نصاب کی تاریخ یاد نہ ہو
غور و فکر کر کے اندازہ لگائیں کہ تقریباً کب مالک نصاب بنے تھے۔ پھر چاند کی جس تاریخ پر دل مطمئن ہو جائے اسے اپنی نصاب کی تاریخ مقرر کر لیں۔
- لوگ زیادہ تر رمضان میں زکوٰۃ کیوں دیتے ہیں؟
دو وجہیں ہوتی ہیں:
- کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ زکوٰۃ رمضان میں ہی دینی ہوتی ہے، حالانکہ یہ سوچ غلط ہے۔
- کچھ لوگ زیادہ ثواب کے لئے اپنی اصل تاریخ سے پہلے رمضان میں ایڈوانس زکوٰۃ دے دیتے ہیں۔
لیکن اگر ایڈوانس زکوٰۃ دی ہو تو اپنی اصل تاریخ آنے پر پورے مال کا دوبارہ حساب کریں، اگر کم زکوٰۃ نکلی ہو تو باقی پوری کریں اور اگر زیادہ نکال لی ہو تو یہ بہت اچھی بات ہے۔
یہ کچھ بنیادی باتیں تھیں انھیں اچھی طرح سمجھ لیں، آخر میں عرض ہے کہ علمائے اہل سنت سے رابطے میں رہیں۔
27 رمضان المبارک 1447
16 مارچ 2026
